لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) دفاعی چیمپئن واپڈا نے ایک مرتبہ بھر اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے نیشنل والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان آرمی کو شکست دے کر ٹائنل اپنے نام کر لیا۔واپڈا نے اعصاب شکن مقابلہ میں آرمی کی ٹیم کو 3-2 سے شکست دی۔ فائنل میچ کے مجموعی طور پر 5 سیٹ ہوئے ، جس میں پہلا سیٹ پاکستان آرمی نے جیتا، جبکہ دوسرے اور تیسرے سیٹ میں مسلسل واپڈا فاتح رہا ۔ پاکستان آرمی کی ٹیم نے چوتھے سیٹ میں اچھا کم بیک کیا ۔ بعد ازاں پانچویں سیٹ میں واپڈا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیلتے ہوئے فائنل کاٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔قومی والی بال چیمپئن شپ کا سہرا واپڈا کے سررہا، جبکہ آرمی اور پاکستان ایئر فورس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔واپڈا اور آرمی کے درمیان کھیلا جانیوالا فائنل شائقین کی کثیر تعداد کے علاوہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی دیکھا۔ گورنر پنجاب نے فاتح ٹیموں میں ٹرافی اور تمغے تقسیم کئے ۔سات روزہ چیمپئن شپ پاکستان والی بال فیڈریشن کی جانب سے نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوئی ۔