اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف کے ساتھ ملاقات کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے ماسکو آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اور روس کے مابین تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات اور علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی پر شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی۔