شہباز حکومت مالی مسائل کے باوجود نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ شہباز شریف نے ہمیشہ نوجوان نسل کی تعلیمی ،معاشی بہتری اور ترقی کی بات کی ۔ان کا ماننا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام سے پاکستان میں کوئی بھی پڑھا لکھا نوجوان بے روزگار نہیں رہے گا۔1000 ذہین طلبہ و طالبات کو جدید علوم میں پی ایچ ڈی کیلئے امریکہ کی ٹاپ یونیورسٹیز میں بھیجا جارہا ہے۔ آئی ٹی سے وابستہ افراد کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا جارہا ہے جو یقینا پاکستان میں آئی ٹی کے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔یوتھ سکل ٹریننگ سینٹرز اور دور دراز اضلاع میں نئے یونیورسٹی کیمپس بنائے جارہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کو نیا کاروبارشروع کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے یوتھ بزنس اور زرعی قرضہ سکیموں کا آغاز کرکے نوجوان طبقہ کے ہیرو بن گئے ہیں۔ کورونا کے دوران جب مجبوراً گھروں میں قید ہونا پڑا تو شہباز شریف لیپ ٹاپ سکیم سے مستفید ہونے والے نوجوان گھر بیٹھے آن لائن فری لانسنگ کے ذریعے با عزت روز گار کماتے ہوئے انہیں دعائیں دیتے تھے۔ شہباز شریف کے دورمیں بننے والا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پاکستان کا پہلا اور جدید ترین آئی ٹی ادارہ ہے ۔ییلو کیب سکیم کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کیلئے آسان اقساط اور زیرو مارک اپ پر مہران کار اور بولان کیری ڈبہ دے کر فوری اورباعزت روزگارفراہم کیا گیا۔چائنیز ایمبیسڈر اور ڈپٹی چیف آف مشن سی پیک سے ملاقات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ جب نوجوانوں کی بات آتی ہے تو شہباز شریف خود نوجوانوں کے وکیل بن کر ہم سے زبردستی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے یہ بھی کرو وہ بھی کرو۔ہزاروں پاکستانی طلبہ کیلئے چائنہ،ترقی اور یورپین ممالک میں مفت سکالرشپ کا کریڈٹ شہباز شریف کو جاتا ہے۔ پی ٹی آئی نے بزدار کو وزیر اعلیٰ بنایا تو تیزی سے ترقی کرتے پنجاب کو نہ صرف کومہ بلکہ فل سٹاپ لگ گیا۔پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں نوجوان بے روزگار، خوار ہوتے رہے۔پاکستان کے مستقبل اور ذہین ترین طلبہ کا کوئی پرسان حال نہ رہا۔شہباز حکومت کی واپسی سے نوجوانوں میں پھر سے امید جاگی ہے ،پاکستان سے تیزی سے ہجرت کرتے نوجوان دوبارہ سے پرا مید ہیں اور وطن عزیز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پر عزم ہیں۔ میں نے اپنے گزشتہ کالم میں شہباز شریف کی تعلیمی سکالرشپ پالیسی کا ذکر کیا تھا کہ اس دور میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلبہ آج معاشرے میں باوقار اور کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔کالم پڑھنے کے بعد مجھ سے بہت سے افراد نے رابطہ کیا اور زمانہ طالب علمی کو یاد کرتے ہوئے انکی آنکھوں سے آنسو رواں تھے کہ اگر شہباز شریف کی میرٹ سکالرشپ اور تعلیمی وظائف کا سلسلہ نہ ہوتا تو آج وہ آفیسر بننا تو درکنار شاید بنیادی تعلیم تک نہ حاصل کرپاتے۔ایسی ان گنت مثالیں ہمارے اردگرد موجود ہیں ۔پولیس ،آرمی افسران ،ججز،سی ایس پی آفیسرز سمیت سرکاری ملازمین اور کامیاب افراد کی ایک طویل فہرست ہے جنہوں نے شہباز شریف دور میں تعلیمی وظائف کی بدولت اپنی تعلیم مکمل کی اور آج ایک کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔مجھے ایسے بے شمار واقعات کا علم ہے کہ شہباز شریف رات گئے نیوز بلیٹن دیکھتے تو کہیں بھی کسی ذہین بچے کی تعلیمی میدان میں غیر معمولی ذہانت یا ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تخلیقی سرگرمیوں کی خبر سامنے آتی تو اس بچے کی معلومات اکٹھی کرکے اس کے گھر پہنچ کر اسے شاباش دیتے اورنا صرف اس کے تعلیمی اخراجات اٹھاتے بلکہ اس کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی مقرر کیا جاتا ۔بلوچستان ،خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان کے ذہین طلبہ و طالبات کیلئے پنجاب کی یونیوسٹیوں میں سپیشل کوٹہ قائم کیا اور ان کو فری ایجوکیشن ،ہاسٹل اور کھانے کی سہولیات مہیا کیں۔ان دور دراز علاقوں اور صوبوں سے ہر سال سینکڑوں طلبہ وطالبات پنجاب کی ٹاپ یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کرکے کامیاب زندگی کی طرف گامزن ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نا صرف یہی سلسلہ اب اسلام آبادکی یونیورسٹیوں میں شروع کرنے جارہے ہیں بلکہ تمام صوبوں میں وفاقی حکومت کی مدد سے جدید ترین آئی ٹی یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔دور جدید کی ضروریات کی پیش نظر اسلام آباد میں پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنایاجارہاہے۔ ایک لاکھ سکوائر فٹ پر محیط آئی ٹی پارک میں 5 سے 6 ہزار فری لانسرز کام کرسکیں گے۔ فری لانسرز، سٹارٹ اپس کیلئے ورکنگ سپیس، سافٹ ویئر ہائو سز،آئی ٹی لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش، ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کیلئے جگہ بھی مختص کی جائیگی۔اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ شہباز شریف بلاشبہ نوجوانوں کا ہیرو اور رہنما ہیں۔وزیراعظم شہباز قوم کے ایک ایک بچے کو لیپ ٹاپ دینا چاہتے ہیں۔وزیراعظم کو یقین ہے کہ یہی نوجوان پاکستان کو کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔پاکستان کی موجودہ سیاسی لاٹ میں شہباز شریف واحد سیاسی رہنما ہیں جو نوجوانوں کی امنگوں کے ترجمان ہیں۔پاکستان کے نوجوانوں کا سنہری مستقبل شہباز شریف کے ساتھ وابستہ ہے اس لیے پاکستان کا ہر جوان شہبازحکومت کی کامیابی کا خواہاں نظر آتا ہے۔ نوجوانوں کو اس بات پر کامل یقین ہے کہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کو بچانے والا شہباز شریف ہی پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کا نیا دور لے کر آئے گا۔