اسلام آباد، ماسکو (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان روس کے دوروزہ تاریخی سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے ۔روس کے نائب وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کاماسکو ایئرپورٹ پر ریڈکارپٹ استقبال کیا ،وزیراعظم کوگارڈآف آنرپیش کیاگیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیرقومی سلامتی معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ ہیں ۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق روسی صدر ولادمیر پوٹن کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم روس کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں، عمران خان دو دہائیوں کے بعد پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم ہیں جو روس کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیراعظم آج صبح دوسری جنگ عظیم میں ہلاک فوجیوں کی قبرپرپھول رکھیں گے اور پھر دوپہر ایک بجے روس کے صدر ولادمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے جس میں بین الاقوامی اور خطے کے امور ، دوطرفہ تعلقات خصوصاًتوانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی، اسلاموفوبیا اورافغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی۔وزیراعظم روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیں گے اور پاکستانی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے ،وزیراعظم سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیر اعظم، سرمایہ کار اور تاجر ملاقاتیں کریں گے ،عمران خان ماسکو میں اسلامک سنٹر کا بھی دورہ کریں گے ،وزیراعظم سے روس کے مفتی اعظم کی ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے ۔قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، وزیراعظم نے دورہ روس کے حوالے سے اعتماد میں لیا ۔ اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ برآمدی ترقی پر مبنی منصوبہ بندی متعارف کرا رہی ہے ،باصلاحیت نوجوان افرادی قوت، سیاحت اور سمندر پار مقیم پاکستانی سرمایہ کار ملک کی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، حکومت دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو برآمدات میں اضافے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے مزید فعال بنا رہی ہے ، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ترقیاتی منصوبہ بندی کرتے وقت حکومتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی۔وزیرِاعظم نے ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے فریم ورک کو جلد مکمل کرکے ترجیحی بنیادوں پر اس کے نفاذ کی ہدایات جاری کیں۔