لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان وسیم اکرم پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بننے کے مضبوط امیدوار بن گئے ،ذرائع کے مطابق پی سی بی کے اعلی عہدیدار کی ان سے ابتدائی بات چیت مکمل ہو چکی ہے ، اعلان جلد کئے جانے کا امکان ہے ۔وسیم اکرم اسوقت کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے کرکٹ کمیٹی کی چیئر مین شپ سے دستبردار ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا ہے ۔بورڈ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں، بورڈ نے اس حوالے سے سابق کپتان سے ابتدائی بات چیت کی ہے اورجلد اس معاملے کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے ۔ وسیم اکرم کی رضامندی کی تصدیق کے بعد چند روز میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو مکمل با اختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اب کرکٹرز ہی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔ مصباح الحق بھی ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ کمیٹی سے الگ ہوچکے ہیں۔