اسلام آباد سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور کے دعوئوں کے باوجود سرکاری سکیم کے تحت حجاج مقدس گئے ہوئے پاکستانی عازمین حج کو سفری سہولتوں اور کھانے پینے کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔عازمین نے شکائت کی ہے کہ انہیں بدبودار گوشت مل رہا ہے جبکہ رہائشی عمارتیں حرم پاک سے دور ہیں لیکن انہیں فری ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں ہے جس کی فراہمی کا دعویٰ کیا گیاتھا۔ صورتحال یہ ہے کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ابھی ہزاروں عازمین نے وہاں پہنچنا ہے اور نوبت باایں جا رسیدکہ انہیں ناقص خوراک اور فری سفری سہولتوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔ دوسرے ملکوں کے عازمین کے برعکس پاکستانی حجاج کرام ہر سال ایسی ہی ناقص منصوبہ بندی کا رونا روتے آئے ہیں اور انہیں ہرحج سیزن میں ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آج تک اس کا تدارک نہیں کیا گیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں موجود حج حکام اور متعلقہ وزارت عازمین کی شکایات اور ان کو درپیش بدانتظامی کا فوری تدارک کرے ۔عازمین سے سفری سہولتوں اور خوراک و طعام کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے‘ انہیں پورا کیا جائے تاکہ حجاز مقدس گئے ہوئے عازمین حج فریضہ حج کی پوری دلجمعی کے ساتھ ادائیگی کر سکیںاور انہیں مزید پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔