لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے آئندہ سال اپریل میں دورہ جنوبی افریقہ اور دورہ زمبابوے کی تصدیق کردی۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ دورہ میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے ۔ دوسری جانب پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی ہے ۔ 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔