مریم احسان اسلام آباد سے کہتی ہیں کہ حکیم صاحب!جن لوگوں کو آپ نے گوشت منع کرر کھا ہے پلیز قربانی کے موقع پر تو انہیں گوشت کھانے کی چھٹی دے ہی دیں اور طبی لحاظ سے گوشت بنانے کی تراکیب بھی بتا دیں تاکہ گوشت ان کے لیے نقصان کا باعث نہ بن سکے۔

  مشورہ:۔سب سے پہلے تو قارئین اور ہم سے مشورہ کرنے والے تمام افراد یہ نوٹ فرما لیں کہ ہماری تمام معروضات خیرخواہی کے جذبے کے تحت ہوتی ہیں۔ ہمارا مقصد ذاتی طور پر کسی کو تکلیف دینا تو ہر گز نہیں ہوتا بلکہ پر ہیزی رکاوٹ کی شکل میں کسی بھی مستقل مسئلے سے بچانا ہوتا ہے۔دوسرے نمبر پہ نوٹ فرمالیں کہ پرہیز کا تعلق صرف بیماری سے ہوتا ہے جب تک بیماری ہے تب تک پرہیز ہے ۔جونہی مرض ختم ہوا آپ تمام غذائیں حدِ اعتدال میں رہ کرکھا سکتے ہیں۔ہمارا اختلاف کھانے سے نہیں ہے بلکہ نان سٹاپ کھانے سے ہے،ہماری اپنے قارئین سے بس اتنی گزارش ہے کہ زندہ رہنے کے لیے کھایا جائے نہ کہ کھانے کے لیے زندہ رہا جائے۔ ہمارے ایسے گوشت خور قارئین جنہیں پرہیز کے معاملے میں ہم سے اکثر شکایت رہتی ہے اور وہ یہی سوچتے ہیں کہ کھانا کیا ہے؟ان کے لیے قربانی کے گوشت کے استعمال کے حوالے سے چند معروضات پیشِ خدمت ہیں۔ایسے افراد جو کولیسٹڑول کی زیادتی میں مبتلا ہوں اور وہ عیدِ قرباں کا گوشت کھانا چاہیں تو درج ذیل طریقے سے گوشت بنا کر استعما ل کر سکتے ہیں۔بکرے کا گوشت حسبِ ضرورت لے کر اچھی طرح چربی صاف کر لیں۔ایک کلو گرام گوشت میںلہسن100 گرام،پیاز 100 گرام کالی مرچ10 گرام، زیرہ سیاہ20 گرام اور الائچی کلاں دو عدد شامل کر کے حسبِ زائقہ نمک سیاہ ڈال کر ہلکی آّنچ پر پکائیں۔جب گوشت کے ریشے اچھی طرح نرم ہو جائیں تو بند گوبھی،ٹماٹر اور کچی پیاز کی سلاد اور بالائی اترے دہی کے ساتھ جی بھر کے کھائیں۔کولڈ ڈرنکس کے قریب بھی نہ جائیں بلکہ لیمن گراس قہوے کا ایک نیم گرم کپ ضرور پئیں۔ایسے افراد جو یورک ایسڈ کی زیادتی اور اس سے جڑے عوارض میں گرفتار ہوں وہ نیچے دیے گئے طرز پہ گوشت بنا کر کھا سکتے ہیں۔چربی سے صاف ایک کلو گرام گوشت میں ادرک100 گرام،پیاز100 گرام،لہسن100 گرام،لونگ5 عدد، تیز پات 3 عدد اور اجوائن، ہلدی و نمک سیاہ حسبِ ضرورت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ریشے نرم ہونے پر مولی،پیاز ،سبز مرچ اور ادرک کی سلاد کے ساتھ استعمال میں لائیں۔یخ ٹھنڈے پانی اور کولا مشروبات پینے سے گریز کریں اور درج ذیل نیچرل قہوہ استعمال کریں۔ادرک ایک گرام،میتھرے 15 دانے،پودینہ سبز 10 پتے، سبز چائے 10  پتے ایک کپ پانی میں اچھی طرح پکا کر لیمن کے چند قطرے شامل کر کے نوش فرما ئیں۔ دھیان رہے ایک دن میں زیادہ سے زیادہ ایک پائو گوشت ہی کھایا جا سکتا ہے۔زیادتی کی صورت میں نقصان کا اندیشہ ہو گا۔نوٹ:۔اوپر دی گئی مقداریں حسبِ زائقہ اور حسب گنجائش کم یا زیادہ کی جا سکتی ہیں۔