پنجاب میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عیدالاضحی سے تین روز پہلے شاپنگ مالز اور بازار بند رکھنے کی تجویز ہے ‘یہ تجویز وفاق کو ارسال کر دی گئی ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وفاق کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ اب جبکہ نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اور اموات میں کمی واقع ہو رہی ہے اس لئے موجودہ امید افزا صورت حال میں بازاروں اور شاپنگ مالز کو عید سے دو تین روز پہلے بند رکھنے کی تجویز نہایت مناسب ہے کیونکہ عیدالفطر پر کورونا کی موجودگی میں کاروبار کی اجازت کے ساتھ حکومت کی طرف سے جو ایس او پیز جاری کئے گئے تھے اس کی لوگوں نے پابندی نہیں کی اور تاجروں نے یقین دہانیوں کے باوجود ان پر عمل نہیں کیا‘ جس کے نتیجہ میں کورونا کے مریضوں میں بے پناہ اضافہ ہوا اور حالات گھمبیر سے گھمبیر تر ہوتے گئے۔ لہٰذا موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ عیدالفطر کی غلطی کو عیدالاضحی پر نہ دہرایا جائے اور کھلے عام بازاروں اور شاپنگ مالز پر خریدو فروخت کی اجازت نہ دی جائے تاکہ کورونا کے مریضوں اور اموات کی تعداد میں جو کمی آئی ہے اسے مزید کم کیا جا سکے۔ عید کی نماز کی ادائیگی کے موقع پر بھی ہمیں چاہیے کہ مساجد اور عید گاہوں میں ماسک پہن کر اور وضو گھروں سے کر کے آئیں‘ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اوراس سلسلہ میں حکومت جو طریقہ کاربھی وضع کرے اس کی سختی سے پابندی کریں۔