لاہور(احتشام الحق) پی سی بی کی مالی پوزیشن مستحکم تاہم فنانس اورڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کی سستی کی وجہ سے پی ایس ایل میچ سپر ائز کرنے والے بعض آفیشلزکے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جونیئر چیمپئن شپ میچوں کی فیس بھی تاحال واجب الادا، عدم ادائیگی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران آفیشلز کے مالی مسائل میں اضافہ کر دیا، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹوں اور پی ایس ایل میں میچ سپر وائس کرنے والے سکوررز کو تین سے چار ماہ گزر جانے کے باوجود اپنے واجبات کی ادائیگی کا انتظار ہے ۔ دوسری جانب پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کے 25فی صد واجبات بھی تاحال ادا نہیں کئے جا سکے ۔ چار ماہ قبل قومی انڈر۔16 کرکٹ چیمپئن شپ میں امپائرنگ اور سکورنگ کرنے والے امپائرز کو بھی اپنی فیس کے بلوں کی ادائیگی کا انتظار ہے ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے امپائرز اور یفریز کی ادائیگیاں عید سے چند روز قبل کر دی گئی تھیں مگر کم فیس والے سکوررز کی ادائیگیاں نہ کی جا سکیں ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ آفیشلز کی بلنگ ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ مکمل کر کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھیجتا ہے جو ان کے چیک بنا کر ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالہ کرتا ہے جو آفیشلز کو بذریعہ ٹی سی ایس بھیجے جاتے ہیں۔ پی سی بی کے پاس فنڈز کی کمی نہیں ہے تاہم ان آفیشلز کی ادائیگی ان کے بلز بروقت نہ بننے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے ۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کے مطابق انہیں مختلف قسطوں میں ادائیگی کی جاتی ہے اور آخری قسط ٹورنامنٹ کی تکمیل کے بعد اداکی جا تی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق سکوررز کوآئندہ ہفتے کے دوران ادائیگیاں کر دی جائیں گی ، پی ایس ایل کے میچ غیر فطری انداز میں کورونا کی وجہ سے روکنا پڑے تھے اور ابھی ملتوی کئے جانے والے میچوں کے بارے میں حتمی فیصلہ باقی ہے لہذا ان کھلاڑیوں کے باقی 25 فی صد واجبات کی ادائیگی کا بھی طریقہ کار طے کیا جارہا ہے ۔