کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لئے تعمیرکئے جانے والے چار054 ایلفا کثیرالجہتی فریگیٹس میں سے پہلاجہازپی این ایس طغرل اور10 سی کنگ ہیلی کاپٹرزکی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی،صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی مہمان خصوصی تھے ،پاک بحریہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نیوی ڈاکیارڈ آمد پرچیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا،پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کوگارڈ آف آنرپیش کیا،پاک بحریہ کیلئے چار054 ایلفا فریگیٹس کی تعمیرکا معاہدہ پاکستان اورچین کے مابین جون 2018 میں طے پایا،اس سلسلے کا پہلا جہازپی این ایس طغرل اورقطرکی حکومت کی جانب سے تحفے میں دئیے گئے سی کنگ ہیلی کاپٹرزپاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کئے گئے ،مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ جہازپی این ایس طغرل اورسی کنگ ہیلی کاپٹرزکی بیڑے میں شمولیت کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن خطہ ہے اورخطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ۔خطبہ استقبالیہ میں نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پی این ایس طغرل اورسی کنگ ہیلی کاپٹرزکی شمولیت سے پاک بحریہ کی ملکی سمندری حدود اورمیری ٹائم مفادات کے تحفظ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا،بعد ازاں مہمان خصوصی نے پی این ایس طغرل کی کمانڈ سکرول اورائیرکرافٹ کے کاغذات کمانڈرپاکستان فلیٹ کے حوالے کئے جسکے بعد دعائے خیرکی گئی۔ کراچی (سٹاف رپورٹر)صدرڈاکٹرعارف علوی نے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پرتوجہ دیں تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے ،یہ بات انہوں نے پیرکو اقرا یونیورسٹی کے 19 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی،صدرنے فنی تعلیم کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری تعلیم کے اہم اجزا میں ہماری نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی منطقی سوچ اورکمیونیکیشن اسکلزکا فروغ ہونا چاہیئے کیونکہ کل آبادی کا 64 فیصد 30 سال سے کم عمرافراد پرمشتمل ہے ،یونیورسٹی کو چاہئے کہ گریجویٹس کی تعداد میں اضافہ کرے ،انہوں نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 10 سال میں بہت سی چیزیں بدل جائیں گی،دندان سازی کا 80 فیصد علم آن لائن دستیاب ہے ۔