لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل فور کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹگری میں انگلینڈ کے جیسن رائے کو چن لیا، لاہور قلندرز نے آسٹریلیا کے کرس لین ، ملتان سلطانز نے انگلش آل راؤنڈر معین علی اور رلی روسو، اسلام آباد یونائیٹڈ نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اورکولن انگرام ، کراچی کنگز نے انگلش کھلاڑی ایلکس ہیلز کو پلاٹینم کیٹگری میں چن لیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے لئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا جس میں چھ فرنچائز نے اپنی اپنی باری پر پول سے ملکی اور غیر ملک کھلاڑیوں کا چناؤ چار گھنٹے میں کیا۔ تمام ٹیمیں سوچ بچار کرتے ہوئے اپنا سکواڈ مکمل کرتے رہے ۔ تین سال کی پابندی کا شکار ہونے والے اوپنر بیٹسمین شرجیل خان بھی پی ایس ایل فائیو کا حصہ بن گئے ۔پک میں سب سے پہلے پلاٹینم کیٹگری کا ڈرافٹ ہوا جس کے بعد ڈائمنڈ راؤنڈ کا ؤغاز پشاور زلمی سے ہوا ۔ اس نے انگلش ٹیم کے ٹام بینٹن کو اپنا انتخاب قرار دیا جبکہ دوسرے رانڈ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ان کی چوائس رہے ۔ڈائمنڈ کیٹگری میں کراچی کنگز نے اپنی چوائس کرس جارڈن کو قرار دیا جو گزشتہ سیزن میں پلاٹینم کیٹگری میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرچکے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آسٹریلوی کھلاڑی بین کٹنگ کو اپنا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز نے ڈائمنڈ کیٹگری میں اپنی پہلی چوائس پاکستانی کھلاڑی ذیشان اشرف کو قرار دیا جبکہ دوسری چوائس کے لیے انگلش ٹیم کے روی بوپارہ کو منتخب کیا۔ گولڈ کیٹگری کے پہلے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے انگلش کھلاڑی سمت پٹیل جبکہ دوسرے راؤنڈ میں سری لنکا کے پرسنا کو اپنی چوائس قرار دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے گولڈ کیٹگری کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان کے رومان رئیس اور دوسرے مرحلے میں انگلینڈ کے فل سالٹ کو منتخب کیا۔گولڈ کیٹگری میں ملتان سلطانز نے پاکستان کے سہیل تنویر اور دوسرے راؤنڈ میں پاکستان ہی کے خوشدل شاہ کو ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز نے گولڈ کیٹگری میں اپنی پہلی چوائس میں تین سال کی پابندی کے بعد پی ایس ایل کرکٹ میں لوٹنے والے پاکستانی کرکٹر شرجیل خان کو چن لیا۔ پشاور زلمی نے گولڈ کیٹگری میں اپنی چوائس انگلینڈ کے لیام ڈاؤسن کو قرار دیا جبکہ دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کے محمد محسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گولڈ کیٹگری میں آسٹریلیا کے فواد احمد کو پہلی چوائس جبکہ پاکستان کے سہیل خان کو دوسرے مرحلے میں منتخب کیا۔