لاہور(احتشام الحق) پی سی بی گورننگ بورڈ میں چیئرمین پی سی بی سے اختلافات کے بعد رکن گورننگ بورڈ نعمان بٹ کی رکنیت معطل کرنے پر حالات مزید سنگین ہو گئے ، پی سی بی کی جانب سے کوئٹہ ریجن کے صدر شاہ دوست اورفاٹا ریجن کے صدر کبیر احمد خاں کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دئے گئے ، دوسری جانب لاہور ریجن کے صدر شاہ ریز عبداﷲ خان روکھڑی نے چیئرمین پی سی بی کو حمایت کا خط لکھ دیا ہے ، سیالکوٹ ریجن کے صدر نعمان بٹ نے اپنی معطلی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے جبکہ انہیں آج پی سی بی کے آزادانہ ایڈجیوڈیکیٹر کے سامنے پیش ہو نے کا نوٹس بھی مل گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق 17اپریل کو کوئٹہ میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں شریک سات میں سے پانچ ارکان کی جانب سے اجلاس کے ایجنڈا کو معطل کرنے کے علاوہ بورڈ کے آئین میں تبدیلی اور نئے ایم ڈی کی تقرری کونامنطور کرنے کی قراردا د پیش کی تھی ۔