لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دوسری لیبارٹری سے کرایا گیا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا جس کے بعد پی سی بی نے اب تمام 10 کھلاڑیوں اور مساجر ملنگ علی کا کراس ٹیسٹ 26جون کو کرانے کے فیصلہ کر لیا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق یہ تمام لوگ قرنطینہ میں ہیں لہذا ان کے سیمپل ان کے شہروں میں ہی لئے جائیں گے ۔دوسری جانب پہلے سے اعلان کردہ چار ریزرو کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ سیمپل بھی لے لئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں دورہ انگلینڈ کے لئے سکواڈ کے تمام کورونا منفی ارکان نے ہوٹل میں رپورٹ کر دی، ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ آج ہوٹل میں ہی ہوگا، ٹیسٹوں کے نتائج ایک روز بعد مل جائیں گے اور منفی نتائج والے کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ ارکان 28 جون کی صبح چارٹر فلائٹ سے انگلینڈ روانہ ہو جائیں گے ۔