لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کورونا کے اعتبار سے انگلینڈ سے زیادہ خطرناک ہے ۔ پاکستان میں مریض بڑھ رہے ہیں جبکہ انگلینڈ میں مریض کم ہورہے ہیں۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پی سی بی کی ہدایات کو نظر انداز کررہے ہیں ،ہم ان کے گھروں میں جاکر انہیں نہیں روک سکتے اس لیے حقائق بتانے کی کوشش کررہے ہیں۔پاکستانی میڈیا بار بار رپورٹ کرتا رہا ہے کہ پاکستان کے کئی کھلاڑی سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھ رہے ہیں، پی سی بی کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے پریکٹس کررہے ہیں۔ ہدایات کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے 10 کھلاڑیوں اور مساجر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ پشاور میں کئی کھلاڑی کئی ہفتوں سے ایک ساتھ کھیل رہے تھے ۔محمد حفیظ گذشتہ دنوں پریس کانفرنس میں بار بار کھانس رہے تھے اور بیٹے کے ساتھ گالف کھیلتے ہوئے نظر آئے ۔ اس بارے میں وسیم خان کا کہنا ہے کہ چار ماہ سے کرکٹ سے دور رہنے کے بعد وہ جذباتی ہوکر گرائونڈ میں اتر گئے ۔ پاکستانی سوسائٹی میں سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ٹینس کھلاڑی، فٹ بالرز میں تشخیص ہورہی ہے ، سپورٹس مین کو کھیل سے روکنا مشکل ہے لیکن آئندہ کے لئے انہیں وارننگ دے دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کے رشتے دار بھی گھروں میں آتے ہیں۔ یہ وقت خطرات سے خالی نہیں ہے ۔ ہم انگلینڈ جانے سے قبل ویسٹ انڈیز سے بھی بات کررہے ہیں۔ کرکٹ کو بچانے کے لئے خطرہ مول لے رہے ہیں۔