حکومت نے ویکسی نیشن سنٹرز میں ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد عید الفطرکے فوری بعد کیا جائے گا ۔عید کے بعد ویکسی نیشن سنٹر صبح 8تا رات 8بجے کھلے رہیں گے۔کورونا سے بچائو کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔سماجی فاصلے سے لے کر ہاتھ دھونے اور گلے ملنے سے احتیاط پر عملدرآمد کے مشورے دیے جا رہے ہیں۔ اب عام آدمی کی ویکسی نیشن کے لئے بھی عمر کی حد 30برس کر دی گئی ہے اور اس میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے کیونکہ کوویڈ کی وجہ سے اموات کا خطرہ عمر کے ساتھ تیزی سے بڑھ جاتا ہے۔40سے 50سال کی عمر والوں میں اموات کی شرح 3.8فیصد ہے۔ اب حکومت ہر آدمی کی ویکسی نیشن کر رہی ہے۔ امید ہے اس سے اموات مزید کنٹرول ہونگی۔ ویکسی نیشن سنٹرز پر انتظامات تو بہت اچھے کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود رش بڑھ رہا ہے۔ جس کے باعث حکومت نے ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈبل شفٹ ویکسی نیشن سے نہ صرف رش کم ہو گا بلکہ کم وقت میں زیادہ افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ اس لئے اب ہر آدمی اپنی رجسٹریشن کروائے تاکہ اس وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔