لاہور(سپورٹس رپورٹر) کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لوکل کرکٹ کی سرگرمیاں لاک ڈاؤن کی وجہ سے 5اپریل تک معطل کی گئی تھیں تاہم حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کی وجہ سے اب لاہور میں جاری تمام چھوٹے بڑے کلب ٹورنامنٹس 16 اپریل تک ری شیڈول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان ایونٹس میں عامر کیبلز ویٹرنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ، لاہور چیلنج کپ ، عبدالحمید پوپا میموریل ٹورنامنٹ، قوما ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ،اتفاق ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سمیت مختلف ٹورنامنٹ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا۔ شہر کے تمام گراونڈز بھی 16 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ پی سی بی کی کرکٹ سرگرمیاں معطل رکھنے کی ہدایت کی روشنی میں کیا گیا۔ دوسری جانب کلب کرکٹ کے نیٹس بھی بند ہیں جس وجہ سے کلبوں کے کھلاڑی بھی اپنے گھروں میں ہی ٹر یننگ کررہے ہیں۔ اس طرح فیصل آباد، ملتان، جھنگ، راولپنڈی ، کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی ٹورنامنٹ بند ہیں۔