وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے لئے اقدامات تیز کی کئے جائیں۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس میں شبہ نہیں کہ وفاقی حکومت ملک میں کورونا ویکسین ’’آسٹرازنیکا کوویڈ۔19‘‘کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے چکی ہے اور ڈریپ ویکسین بنانے والی مختلف کمپنیوں سے رابطہ کر رہی ہے لیکن جو سقم دیکھنے میں آ رہا ہے کہ ویکسین کے حصول کی کوشش بطاہر سست رفتاری سے ہو رہی ہیں۔ہم ابھی تک ویکسین فراہم کرنے والی کسی کمپنی سے با ضابطہ معاہدہ کر پائے ہیں اور نہ ہی ابھی تک پہلی دس لاکھ خوراکیں پاکستان کو پہنچ پائی ہیں ۔ دنیا کے بیشتر بڑے ممالک بلکہ ہمارے پڑوس بھارت میں بھی خاصی بڑی آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ،ہمارے ہاں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس امر کی متقاضی ہے کہ ویکسین کے حصول کی کوششوں کو تیز کیاجا ئے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کے ذریعے اس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے ۔اس کے لئے ضروری ہے کہ برطانیہ ‘ چین‘ روس میں موجود پاکستانی سفارتخا نے متحرک ہو کر ان ملکوں سے ویکسین کے حصول کے لئے ا پنے رابطوں کو مضبوط بنائیں اور اس سلسلہ مین متعلقہ کمپنیوں سے با ضابطہ معاہدے کیے جائیں تاکہ آئندہ بھی پاکستان کو ویکسین کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ر ہ سکے۔