کورونا سے ملک بھر میں مزید 46افراد جاں بحق اور 2338نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد لاہور‘ راولپنڈی‘ سرگودھا‘فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ گجرات سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں انتیس مارچ تک پابندیاں نافذ کرتے ہوئے کاروباری اوقات کار بھی تبدیل کر دیے ہیں۔ کاروباری مراکز شام 6بجے تک کھلیں رہیں گے اور ہفتہ ،اتوار کو مکمل بند رہیں گے۔ مزارات، درگاہیں ‘سینما ہالز بند رہیں گے جبکہ تفریحی مقامات اور پارک بھی شام چھہ بجے بند ہو جائیں گے۔ میلہ جشن بہاراںبھی تین ہفتے کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ پنجاب کے کئی شہر اس وقت کورونا وبا کی شدید لپیٹ میں ہیں،اس سے بچنے کے لئے گزشتہ مارچ سے بھی زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔یہ کورونا کی تیسری لہر ہے جو پہلی دو لہروں سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ ا س لہر میں برطانیہ کے تبدیل شدہ وائرس کا اثر نمایاں ہے جو وائرس کی پہلی قسم سے بھی زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے مطابق اپنے اوقات کار تبدیل کئے جائیں اور مقررہ اوقات کے بعد کاروبار کرنے ‘ اجتماعات،تفریحی مقامات اور پر ہجوم جگہوں پر جانے سے اجتناب کیا جائے۔