ملک بھر میں کورونا مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے‘ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق4ماہ بعد پہلی بار 24گھنٹوں کے دوران 1313افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ 26مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ خطرناک صورتحال اس حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز اور احتیاطی ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے ۔نہ ماسک پہنے جا رہے ہیں اور نہ بازاروں ‘ شاپنگ مالز اور اجتماعات کے جگہوں پر جانے سے اجتناب کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے وبا کی نئی لہر اور مریضوں میں اضافے کے انتباہ کے باوجود ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے وبا کا پھیلائو بڑھ گیا ہے۔ جو سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت کو موجودہ حالات میںنیا لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ صورتحال سکول جانے والے بچوں کے لئے زیادہ خطرناک ہے، ملتان کے بعض تعلیمی اداروں میں کورونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں‘ لوگوں کو چاہیے کہ وہ بازاروں شاپنگ مالز اور اجتماعات کی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کی صورت میں گھروں سے باہر نکلیں اور بچوں کو بھی اس کا پابند بنائیں۔ حکومت نے وبا کی نئی لہر اور کاروبار کے حوالے سے جو نظام الاوقات جاری کیا ہے اس کی پابندی کی جائے تاکہ وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔