اسلا م آباد ،لاہور،کھڈیاں خاص، پشاور (رپورٹنگ ٹیم،نمائندگان،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید10افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 53253کورونا ٹیسٹ کئے گئے ،ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.45فیصد رہی،5034نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 39881ہو گئے ،827مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ابتک 77485124افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔ ذرائع کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں نئی بندشوں کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں جبکہ تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کرنے اور اسلام آباد میں 7 روز کیلئے سکولز کو آن لائن کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ طلبہ واساتذہ کی لازمی ویکسی نیشن کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا ۔ادھرپنجاب میں کورونا کے 980نئے کیس سامنے آگئے ۔دریں اثنا پنجاب میں اومیکرون کیسز میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہونے لگا اورمزید31مریض لاہور سے رپورٹ ہوئے ،شہر میں کل تعداد500ہوگئی۔ میو ہسپتال میں 57 فیصد مختص وینٹی لیٹر بھر گئے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدبھی کورونا میں مبتلاہوگئے اور جی بی ہائوس اسلام آباد میں خود کو قرنطینہ کر لیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ترجمان ملک محمداحمد خان بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اورآبائی گاؤں کھائی ہٹھاڑ میں گھرپر خود کو قرنطینہ کر لیا۔خیبر پختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسفزئی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دبئی کے ہوٹل میں قرنطینہ ہوگئے ۔ملتان کے سکولوں میں5 طلبہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تعلیمی اداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اسلام آباد کے مزید 9 سرکاری تعلیمی اداروں میں21نئے کورونا کیس رپورٹ ہونے پرفوری تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔ادھرسندھ حکومت نے کورونا کے تیز پھیلائو کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانے اور ناشتے پر پابندی عائد کردی ۔ سندھ میں کورونا کے مزید 6 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 3283 نئے کیسز میں سے 2829 کراچی سے سامنے آئے ۔ موجودہ تشخیصی شرح 18.3 فیصد ہے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ68ہزارسے زائد ہو گئیں ۔امریکی میرین کور کے کمانڈنٹ جنرل ڈیوڈ ایچ برجر بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔کورونا پابندیوں کیخلاف ایک مرتبہ پھر جرمنی کے متعدد شہروں میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کئے ۔دوسری جانب ایسے افراد نے بھی ریلیاں نکالیں جو پابندیوں اور حکومتی پالیسیوں کے حق میں ہیں۔روس میں مزید688ہلاکتیں اور31252کیس رپورٹ ہوئے ، ماسکو کے میئر نے کورونا پابندیوں،گھر سے کام کرنے کے احکامات اور گائیڈ لائن میں یکم اپریل تک توسیع کا اعلان کردیا۔