ملک بھر میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 9.4 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ عوام کی بے احتیاطی کے باعث کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت بار بار لوگوں کو مطلع کر رہی ہے کہ وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، لہٰذا احتیاطی تدابیر کو ترک مت کریں۔ گلے ملنے‘ سلام لینے اور بغیر ماسک کے گھومنے پھرنے سے اجتناب کریں۔بدقسمتی سے شہری حکومتی ہدایات پر عمل کرتے نظر نہیں آتے، جو باعث افسوس ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا کورونا میں مبتلا ہونا بھی تشویشناک ہے۔ اللہ تعالیٰ دونوں کو جلد از جلد عطا فرمائے۔ اس وقت لوگوں کو ہرحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ حکومت کو ہسپتالوں میں پہلے کی نسبت بہتر انتظام کر کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنی چاہیے۔ ہمارے ہسپتالوں میں انتظام تسلی بخش نہیں ۔ وزارت صحت کو اس سلسلے میں فی الفور مریضوں کے لئے بہتر انتظامات کرنے چاہئیں۔ سرکاری و غیر سرکاری تقاریب پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ دفاتر میں حاضری کو کم کر کے صرف ضروری کام کرنے والے افراد کو بلایا جائے تاکہ لوگوں کا رش نہ لگے۔ ہم صرف احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی اس موذی وائرس پر قابو پا سکتے ہیں اس لیے عوام احتیاط اختیار کریں۔