اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گالف کے فروغ کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بہتر نمائندگی کیلئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔یہ بات انہوں نے 47 ویں پاکستان اوپن گالف چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان گالف فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) میاں محمد ہلال حسین بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہ خود بھی گالف کا شوق رکھتے ہیں، یہ ایک انتہائی دلچسپ کھیل ہے ۔ انہوں نے چیمپئن شپ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں جیتنے کی جستجو ٹیلنٹ کو آگے لے جانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے ۔ صدر نے بچوں اور خواتین کے لئے گالف کی سہولیات متعارف کرانے کو سراہا ۔ انہوں نے شرکا کو کورونا وبا سے احتیاط برتنے کا بھی مشورہ دیا۔