گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ)ریجنل پولیس آفیسرذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایت پرالیکشن کے دوران صورت حال سے با خبر رہنے کے لئے ریجنل پولیس آفس میں ایس ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن برانچ خالد بشیرچیمہ کی زیر نگرانی مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں امیدواروں کی سہولت ،عوامی شکایات کے ازالہ اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پولیس افسران اور جوان چوبیس گھنٹے موجود ہوں گے ۔قائم کردہ مرکزی کنٹرول روم میں پویس افسران اور جوان آٹھ آٹھ گھنٹے کی تین شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔ آر پی او نے کہا کہ مرکزی کنٹرول روم کا مواصلاتی رابطہ لاہور سے لنک کیا گیا ہے اور افسران بالا کو پل پل کی خبر سے مطلع کیا جائے گا۔ مزید براں ریجنل پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے ۔کسی شرپسندکو گوجرانوالہ کا امن تباہ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔جدید سازو سامان سے لیس پولیس کے مسلح دستے ہمہ وقت ریجن آفس میں موجود ہوں گے ۔