دبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کا اجلاس آج سے دبئی میں شروع ہورہا ہے ، اس دو روزہ بورڈ اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان دبئی پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستان اور سری لنکن بورڈ حکام کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر پیش رفت ہونے کا امکان ہے ، پاکستان نے سری لنکن بورڈ کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں ٹیسٹ کی لاہور اور کراچی میں میزبانی کی پیش کش کررکھی ہے ۔سری لنکن بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم بجھوانے کا اپنا عدہ پورا کیا ہے تاہم ٹیسٹ ٹیم بجھوانے کے حوالے سے انہوں نے محتاط رویہ اپنا رکھا ہے ۔ ان کا موقف رہا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز ختم ہونے کے بعد اس معاملے پر مزید بات چیت ممکن ہوسکے گی۔ ذرائع کے مطابق دبئی میں دونوں بورڈز حکام اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔دوسری جانب پی سی بی عہدیدار بنگلہ دیش بورڈ حکام سے رواں ماہ مجوزہ بنگالی ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات کریں گے ۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹرز کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیاریاں شروع کررکھی ہیں تاہم مہمان بورڈ کی جانب سے ابھی تک اس دورے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جنوری میں بنگلہ دیش اور گرین شرٹس کے درمیان دو ٹیسٹ میچز بھی طے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ سیریز بھی پاکستان میں ہو، سری لنکن ٹیم کے ساتھ کامیاب میچز کے انعقاد کے بعد پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ اب بنگلہ دیش اور دوسری غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے کے لیے قائل کرنے میں کافی آسانی ہوگی۔