کینبرا( سپورٹس ڈیسک) سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا آئندہ برس اپنے ملک میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز سری لنکا اور پاکستان کے خلاف 3،3 ٹی 20 میچوں کی سیریز سے کررہا ہے ، جس کے لیے ایرون فنچ کی قیادت میں 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ تجربہ کار ڈیوڈ وارنر اور سٹیو ن سمتھ بال ٹیمپرنگ کیس میں سزا ختم ہونے کے بعد اب پہلی بار ٹی 20 سکواڈ کا حصہ بھی بننے ہوئے کامیاب ہوئے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس کیری، آسٹن ایگر ، پیٹ کمنز ، گلین میکسویل، بین میکڈرمٹ ، کین رچرڈسن ، بلی اسٹین لیک، مچل اسٹارک ، آسٹن ٹرنر، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔نیشنل سیلیکٹر ٹریور ہونز کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیاہے ۔ ان دونوں سیریز سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ خود کو پرکھنے کا بھی موقع ملے گا۔