راولپنڈی (رپورٹر92نیوز) پی ایس ایل فائیو کے نویں میچ میں بین کٹنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے کوئٹہ نے اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 6پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور اسلام آباد نے جیت کیلئے 188 کا ہدف دیا ۔ لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی نے پہلی اور دوسری گیند پر باؤنڈری لگاکر خطرناک عزائم کا اظہار کیا تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر وہ نسیم شاہ کا شکار بن گئے ۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ملان بھی نسیم کا شکار بنے ، وہ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کولین منرو 20 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد کپتان شاداب خان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور کولین انگرام کے ساتھ زبردست شراکت قائم کرکے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔شاداب خان 25 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ، آصف علی صرف 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے ، فہیم اشرف 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے ، عماد بٹ صرف ایک چھکا لگانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کولین انگرام 40 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹیمل ملز نے 2،2 جب کہ بین کٹنگ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہارا ہوا میچ بین کٹنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے آخری اوور میں جیت لیا ۔ کوئٹہ کی طرف سے جیسن رئوے نے 50 سرفراز احمد نے 33 محمد نواز نے 25 بین کٹنگ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ اسلام آباد کی طرف سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں اور شاداب نے ایک وکٹ حاصل کی ۔