لاہور(خصوصی رپورٹ،نیوز ایجنسیاں) بانی خبریں میڈیا گروپ،سنئیر صحافی ضیا ئشاہد انتقال کرگئے ، چیف ایڈیٹر خبریں گروپ ضیا شاہد پاکستان میں جدید صحافت کے بانی اور عرصے سے علیل تھے ،چند روز سے لاہور کے پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے ، گزشتہ روز ان کا دل کا آپریشن کیا گیامگر وہ جانبر نہ ہوسکے ، ان کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے 4بجے ماڈل ٹاؤن این بلاک کرکٹ گراؤنڈ میں اداکی جائیگی، ان کی وفات سے صحافت کا 50سالہ عہد اختتام پذیر ہوا۔ ضیا شاہد نے صحافت کی دنیا میں انقلاب برپا کیا،وہ جدید صحافت کے بانی تھے اورجراٗت مندانہ صحافت ان کا طرہ امتیاز رہا،وہ 30سے زائد کتابوں کے مصنف اور عہد حاضر کے قد آور صحافی تھے جس کا اعتراف ہر سطح پر کیا گیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران دنیا کی نامور شخصیات کے انٹرویو کئے ، وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر ساتھ جاتے رہے ، ان کی صحافتی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ضیا شاہد کے انتقال پر حکومتی و صحافتی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ 92نیوزرپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ضیا شاہد گزشتہ دو ہفتوں سے گردوں و دیگر عوارض کے باعث لاہور کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ وہ طویل عرصے تک بطور کارکن صحافی کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے اپنا اخبار خبریں کے نام سے شروع کیا۔ وہ بھٹو دور میں آزادی صحافت کیلئے جیل بھی کاٹ چکے ۔ ضیا شاہد کے انتقال پروزیرداخلہ شیخ رشید،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار،فردوس عاشق اعوان،چودھری شجاعت،سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی،مونس الہٰی ،مریم اورنگزیب اوردیگر نے مرحوم کے صاحبزادے اور سینئر صحافی امتنان شاہد اور خاندان کے دیگر افراد سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا کرے ، ضیاء شاہد کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔