مکرمی ! وزیراعظم عمران خان نے کئی مرتبہ یہ کہا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام کو ہر صورت ریلیف دیا جائیکیونکہ مہنگائی نے غریب لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے‘ امید ہے کہ وزیراعظم کے اقدامات سے ملک میں بلاجواز مہنگائی پر قابو پانے کیساتھ ملاوٹ مافیا کا بھی خاتمہ ہوگا منافع خوروںاور ملاوٹ مافیا کیخلاف سخت ترین اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے مصنوعی مہنگائی اور اشیائے خوردنی میں ملاوٹ ہمارے ملک کا اہم ترین مسئلہ ہے جس کا جب جی چاہتا ہے وہ قیمت بڑھادیتاہے قیمتوں پر کنٹرول کا نظام انتہائی ناقص ہے تو دوسری طرف ملک میں دو نمبر مصنوعات بنانے خاص طور پر اشیائے خوردنی میں ملاوٹ کا مذموم کاروبار بھی عروج پر ہے جس سے انسانی صحت کیلئے بہت زیادہ خطرات درپیش ہیں اس کے خلاف ٹھوس کاروائیوں کی اشد ضرورت ہے۔ عوامی حلقوں کی طرف سے آئے روز یہ شکایات ملتی ہیں کہ اشیائے خوردنی اور دیگراشیاء میں ملاوٹ کی جاتی ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ ملک میں اشیائے خوردنی میں ملاوٹ کرنے کے دھندے میں کمی نہیں آرہی جو بڑی تشویشناک بات ہے۔ شہروں اور گردونواح میں منی فیکٹریاںاور گھروں کے اندر نمکو، چپس اور نمکو وغیرہ تیار کرنے کی چھوٹی چھوٹی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں مضرصحت اشیائے خوردنی تیار کی جاتی ہیں ان اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔ ( چودھری عبدالقیوم ‘سیالکوٹ)