مکرمی ! اکتوبر کی 6 تاریخ بروز جمعہ تمام پاکستانیوں خصوصاً پاکستانی خواتین کے لئے تاریخ ساز دن ثابت ہوگا۔ اس دن پاکستان کی بیٹی نمیرہ سلیم خلا میں سفر شروع کرکے پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون کا اعزاز حاصل کرنے جا رہی ہیں۔ 1975ء میں کراچی میں پیدا ہونے والی نمیرہ سلیم نے ہوفسٹرا یونیورسٹی نیویارک سے بین الاقوامی تجارت میں بیچلرز کیا اور کولمبیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں اور یہاں اقوام متحدہ کے کلچرل ایکسچینج پروگرام کے تحت بننے والی بین الاقوامی اکنامکس اور بزنس مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہوئیں۔ 1997ء میں نمیرہ یورپی ملک منتقل ہوگئیں۔ پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون کا اعزاز حاصل کرنے سے پہلے بھی وہ کئی اعزاز اپنے نام کرچکی ہیں۔ سال 2008ء میں نمیرہ سلیم دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ یا کوہ ہمالیہ سے زیادہ بلندی سے زمین پر چھلانگ لگانے والی پہلے ایشیائی خاتون کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں۔ نمیرہ سلیم کا کہنا تھا کہ مائونٹ ایورسٹ جسے دنیا کی چھت یا تیسرا پول بھی کہا جاتا ہے، سر کرنا بہت سے لوگوں کی طرح ان کا بھی خواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ تو پورا نہ کر پائیں لیکن جب یہ مائونٹ ایورسٹ سے بلندی پر جا کر سکائی ڈائیونگ کا منصوبہ سامنے آیا تو انہوں نے اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ نمیرہ سلیم نے 21 اپریل 2007 ء کو قطب شمالی میں پاکستان کا پرچم لہرایا، وہ پرچم انہیں 29 جنوری 2007ء کو صدر جنرل پرویز مشرف نے دیا تھا۔ اسی طرح نمیرہ سلیم نے 10 جنوری 2008 ء کو قطب جنوبی پر بھی قدم رکھا اور وہاں پہلی مرتبہ پاکستان کا پرچم لہرانے کا اعزاز حاصل کیا، یہ پرچم انہیں 24 دسمبر 2007 ء کو پاکستان کے نگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو نے دیا تھا۔ یورپ منتقل ہو جانے کے باوجود وہ پاکستان کو کبھی نہ بھلا پائیں۔ زندگی میں حاصل ہونے والی ہر کامیابی پر پاکستانی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھنے کی کوشش کی۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پر نمیرہ سلیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ روایتی تعلیم کیساتھ دورجدید سے ہم آہنگ سائنس وٹیکنالوجی خصوصا سپیس سائنس کے فروغ کے لئے ریاست پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔بہرحال پاکستان کی تمام تر کمزوریوں اور محرومیوں کے باوجود اس وقت پوری قوم کی توجہ کا مرکز پاکستان کی بیٹی نمیرہ سلیم ہیں۔ بحیثیت پاکستانی ہم نمیرہ سلیم کی اس مہم جوئی کے لئیدعا گو ہیں۔ تمام پاکستانی اپنی بیٹی کی کامیابی کے لئے نہ صرف پْرامید ہیں بلکہ فخر محسوس کررہے ہیں۔ اللہ کریم نمیرہ سلیم کو کامیابی عطا فرمائے۔ (محمد ریاض ایڈوکیٹ ،شیخوپورہ)