مظفر آباد،لاہور،شیخوپورہ،راولپنڈی،فیصل آباد (رپورٹنگ ٹیم،نما ئندگان 92نیو ز،مانیٹرنگ ڈیسک) آزادکشمیرکے الیکشن میں بلا نے شیر کی ٹھکائی کردی۔ 45میں سے 40حلقوں کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف24سیٹیں جیت گئی ۔پیپلزپارٹی8،مسلم لیگ ن 6،مسلم کانفرنس اورجے کے پی پی کے حصے میں ایک سیٹ آئی۔مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمدخان نے بھی اپنی نشست جیت لی،مہاجرین کے حلقوں میں پی ٹی آئی نے ن لیگ اورپیپلزپارٹی کاصفایاکردیا،مہاجرین کے 12 حلقوں کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 9میں فتح سمیٹی جبکہ ن لیگ نے 2 اورپیپلزپارٹی کے حصے میں ایک نشست آئی۔پی ٹی آئی نے ن لیگ کے گڑھ لاہورسے دونوں سیٹیں جیت لیں،کامیابی کی خوشی میں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے ،مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ایل اے ون میرپور1 ڈڈیال سے تمام 135پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار اظہرصادق نے 12231 ووٹ لے کرمیدان مارلیا،مسلم لیگ نے کے چودھری مسعودخالد5985ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہے ۔ایل اے 3 میرپور 3کے تمام 147پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بیرسٹرسلطان محمودچودھری 18462ووٹ لے کرجیت گئے ،جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے چودھری محمدسعید15343ووٹ حاصل کرسکے ۔ایل اے 4کھڑی شریف کے تمام 157پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے چودھری ارشدحسین 22752ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے امیدوار چودھری رخساراحمد 20ہزار 879ووٹ لے سکے ۔ایل اے 5 بھمبر سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کرنل (ر) وقار نور 21799 ووٹ حاصل کرکے فتحیاب رہے ۔ایل اے 6 بھمبر2 کے تمام 170 پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے علی شان سونی 22 ہزار320 ووٹ لے کرجیت گئے ،آزادامیدواررزاق چودھری نے 12 ہزار891 ووٹ حاصل کیے ۔ ایل اے 7 بھمبر3سے پی ٹی آئی کے چودھری انوارالحق 33 ہزار520 ووٹ لے کرکامیاب قرارپائے ، ن لیگ کے چودھری طارق فاروق 28 ہزار874 ووٹ لے سکے ۔ ایل اے 8 کوٹلی سے تحریک انصاف کے رہنما ظفر اقبال ملک نے 17302 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، مسلم کانفرنس کے ملک نوازخان 10 ہزار521 ووٹ لے سکے ۔ ایل اے 9 کوٹلی ٹو سے پیپلزپارٹی کے جاوید بڈھانوی کامیاب ہوئے ، ایل اے 10 کوٹلی تھری سے پیپلزپارٹی کے چودھری یاسین 9 ہزار562 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، پی ٹی آئی کے ملک یوسف نے 9 ہزار376 ووٹ حاصل کیے ۔ ایل اے 11کوٹلی4 کے تمام 198 پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے چودھری اخلاق 23 ہزار63 ووٹ لے کرجیت گئے ، ن لیگ کے راجہ نصیراحمد 21 ہزار265 اورپیپلزپارٹی کے سعود بن صادق 12 ہزار517 ووٹ لے سکے ۔ ایل اے 12کوٹلی5کے تمام 198 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے چودھری یاسین 19 ہزار139 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، پی ٹی آئی کے چودھری شوکت فرید15ہزار551ووٹ لے سکے ۔ایل اے 13کوٹلی 6 کے تمام170 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے نثارابدالی23448ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ،پیپلزپارٹی کے ولیدانقلابی 17468ووٹ لے سکے ۔ایل اے 14باغ سے تمام 216پولنگ سٹیشنزکے نتائج کے مطابق مسلم کانفرنس کے امیدوار سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد29ہزار561ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ،پی ٹی آئی کے امیدوارمیجر(ر)لطیف خلیق 13429ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہے ۔ایل اے 15باغ 2 سے پی ٹی آئی کے سردارتنویرالیاس 19825ووٹ لے کرجیتے ،پیپلزپارٹی کے ضیاالقمر14558ووٹ لے کرہارگئے ،ن لیگ کے مشتاق منہاس 11076ووٹ لے کرتیسرے نمبرپررہے ۔ ایل اے 17حویلی کہوٹہ کے تمام178پولنگ سٹیشنز سے پیپلزپارٹی کے فیصل راٹھور 24 ہزار991 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ،ن لیگ کے چودھری عزیز14 ہزار135 لے سکے ۔ایل اے 18 پونچھ سے تحریک انصاف کے رہنما سردار عبدالقیوم نے 24829 ووٹ حاصل کئے اور کامیابی اپنے نام کی۔ ایل اے 19 ہجیرہ کے تمام 149 پولنگ سٹیشنز سے مسلم لیگ ن کے سردارعامرالطاف 13 ہزار413 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، پیپلزپارٹی کے سعود بن صادق 12 ہزار517 ووٹ لے سکے ۔ ایل اے 20 پونچھ /سدھنوتی سے پیپلز پارٹی کے سردار یعقوب نے 11320 ووٹ حاصل کرکے اپنے مخالفین کو شکست دی۔ ایل اے 21 پونچھ سے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار حسن ابراہیم نے 8203 ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔ ایل اے 24کے تمام 179پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے فہیم اخترربانی 28103ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ،ن لیگ کے سردارفاروق طاہر 24502ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہے ۔ ایل اے 25 نیلم سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہ غلام قادر 16789 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے ۔ایل اے 26نیلم 2میں پیپلزپارٹی کے میاں عبدالوحیدجیت گئے ۔ایل اے 27مظفرآباد1وادی کوٹلہ سے پیپلزپارٹی کے سردارجاویدایوب 27051ووٹ کے کامیاب ٹھہرے ،پی ٹی آئی کے عتیق الرحمان 19636ووٹ لے سکے ،ن لیگ کی نورین عارف 7894ووٹ حاصل کرسکیں۔ ایل اے 29 مظفر آباد 3سے تحریک انصاف کے امیدوار خواجہ فاروق احمد نے 13333 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی،مسلم لیگ ن کے افتخار گیلانی 10557ووٹ حاصل کرسکے ۔ ایل اے 30مظفرآباد کے تمام پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے چودھری رشید 17ہزار756ووٹ لے کرفاتح قرارپائے ، پیپلزپارٹی کے مبشرمنیراعوان 12 ہزار 247 ووٹ لے سکے ۔ ایل اے 32 مظفر آباد سے ن لیگی امیدوار اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کامیاب رہے ، ایل اے 34 جموں ون تلمبہ میں پی ٹی آئی کے چودھری ریاض حسین 206 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر حسین ڈار 145 ووٹ حاصل کرکے دوسرے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار زاہد اقبال 9 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے ۔ایل اے 34جموں ون لاہورسے بھی غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری ریاض احمد1283ووٹ لے کرکامیاب ٹھہرے ،ن لیگ کے امیدوارناصرحسین ڈار836ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبرپررہے ۔ ایل اے 35 جموں 2گوجرانوالہ کے 144 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری مقبول گجر18ہزار883ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ،ن لیگ کے امیدوار چودھری اسماعیل گجر16ہزار885ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے ۔ ایل اے 36جموں 3سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے حافظ حامدرضا20ہزار96ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ،ن لیگ کے چودھری اسحٰق 20467ووٹ کیساتھ دوسرے نمبرپررہے ۔ ایل اے 37 جموں4،شکرگڑھ سے تحریک انصاف کے امیدوار اکمل سرگالہ نے 25963 ووٹ حاصل کئے اور فتح سمیٹی،مسلم لیگ ن کے صدیق بھٹلی 24508 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے ۔ایل اے 38گجرات سے پی ٹی آئی کے اکبرابراہیم چودھری 14ہزار264 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، ن لیگ کے چودھری ذیشان یونس نے 8ہزار754 ووٹ لیے ۔ایل اے 39جموں 6 کے تمام 147پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوارراجہ محمدصدیق 6048ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، پی ٹی آئی کی نازیہ نیازراجہ 4ہزار3 ووٹ لے سکیں۔ کراچی میں ایل اے 40کشمیرویلی 1 کے تمام 45 پولنگ سٹیشنزکے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے عامرعبدالغفارلون 2ہزار348 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، پی ٹی آئی کے سلیم بٹ 796 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے ۔ ایل اے 41 ویلی ٹولاہورکے تمام 17پولنگ سٹیشنزکے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار دیوان غلام محی الدین 2ہزار326 ووٹ لے کرکامیاب ہوگئے ، ن لیگ کے اکرام بٹ 741 ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہے ۔پیپلزپارٹی کے امیدوارشبیرعباس میر166ووٹ لے کر تیسرے نمبرپررہے ۔ایل اے 42 وادی 3ملتان کی نشست بھی تحریک انصاف نے اپنے نام کر لی ،تحریک انصاف کے عاصم شریف1254ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن)کے شوکت علی شاہ1205ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے ۔حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 کے تمام پولنگ سٹیشنز سے پی ٹی آئی کے امیدوار جاوید بٹ 782ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ،مسلم لیگ ن کی امیدوار نسیمہ وانی 720 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہیں ۔ ایل اے 44 ویلی 5راولپنڈی کے تمام 30 پولنگ سٹیشنز سے ن لیگ کے احمد رضاقادری 2ہزار7 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے ، مسلم کانفرنس کی مہرالنسا1163ووٹ لے کردوسرے نمبرپررہیں۔ ایل اے 45 سوات کے تمام 41 پولنگ سٹیشنز سے پی ٹی آئی کے عبدالماجدخان 3431 ووٹ لے کرکامیاب ٹھہرے ، آزادامیدوارعبدالناصر2000 ووٹ لے کردوسرے ،جماعت اسلامی کے امیدوار نورالباری تیسرے نمبر پررہے ۔ایل اے 22پونچھ5کے تمام 156 پولنگ سٹیشنز سے پی ٹی آئی کی شاہدہ صغیرچغتائی16ہزار262ووٹ لے کرکامیاب ہوگئیں، جموں کشمیرپیپلزپارٹی کے سرداراسدابراہیم 10ہزار582ووٹ لے سکے ۔ایل اے 28لچھراٹ سے پیپلز پارٹی کے بازل نقوی 27ہزار16ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ،تحریک انصاف کے چوہدری شہزاد 22 ہزار 21 ووٹ لیکر دوسرے ،ن لیگ کے مرتضی گیلانی 5 ہزار 682 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے ۔ کوٹلی،راولا کوٹ،پشاور(نیٹ نیوز، نیوز ایجنسیاں) آزاد کشمیرالیکشن کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے 2 افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے ،بد نظمی پر8 افراد کوگرفتارکرلیاگیا۔مظفر آباد، ہٹیاں بالا، باغ ،گوجرانوالہ ، کراچی اور پشاور میں بھی سیاسی گرما گرمی دیکھی گئی۔کوٹلی میں حلقہ ایل اے 12 کے پولنگ سٹیشن میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی زبانی تلخ کلامی نے خونیں تصادم کی شکل اختیار کرلی، فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔لیپہ کے حلقہ ایل اے 33 کے پولنگ سٹیشن نمبر 111 میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم کے باعث ووٹنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔باغ میں حلقہ ایل اے 15 ہاڑی گہل پدر محمد علی پولنگ سٹیشن پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے ، دونوں جانب سے لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا،جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے ، کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے ایف سی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔مظفرآباد میں حلقہ ایل اے 3 کے پولنگ سٹیشن25 اور 26 میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان وقفے وقفے سے ہونے والی ہاتھا پائی کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا جس پرپولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی۔ہٹیاں بالا میں جسکول پولنگ سٹیشن پر بھی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے ، ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پولنگ بند کرانے کی کوشش کی گئی، حلقہ ایل اے 27 کے کوپرا گلی پولنگ سٹیشن میں دو گروپوں کے مابین جھگڑا ہواجس پر پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔پشاور میں حلقہ ایل اے 45 کیلئے قائم پولنگ سٹیشن پر بدنظمی کی وجہ سے پولنگ روک دی گئی، پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 اور آزاد امیدوار کے 6 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم کے پولنگ سٹیشن کا ماحول بھی کشیدہ رہا، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنان وقفے وقفے سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ ایل اے 20 راولاکوٹ ریڑبن میں ووٹرز کے احتجاج پر پولنگ سٹیشن کو تالے لگا دیئے گئے ،مظاہرین کا مؤقف تھا 150 سے زائد ووٹرز کے نام لسٹ سے غائب ہیں۔نیلم ویلی کے دونوں حلقوں میں خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر خاتون پولنگ آفیسرز کے غائب ہونے پر ووٹرز کو مشکلات کا سامنارہا۔