اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 1980کے بعدپہلی مرتبہ لاہور کے زیرِ زمین پانی کی سطح کومزیدگرنے سے روک لیا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا تحفظِ آب کی ہماری پالیسیز ثمربار ہورہی ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے مؤثر واٹر ریسائیکلنگ پالیسیز، نئے ایکویفرچارجز، بارش کے پانی کے زیرِ زمین ذخائر، ٹائیمڈ ویل پمپنگ اور دیگر ٹارگٹڈ ایکشنز سے 1980 کے بعد پہلی مرتبہ لاہور کے زیرِ زمین پانی کی سطح کومزیدگرنے سے روک لیاہے ۔وزیراعظم نے لاہور میں پانی کی سطح گرنے کے حوالے سے چارٹ بھی شیئر کیا جس کے مطابق لاہور میں 2020 میں زیر زمین پانی کی سطح گرنے کی شرح میں 1980 کے بعد پہلی بار اضافہ نہیں ہوا۔ قبل ازیں ہر سال یہ شرح بتدریج بڑھتی رہی اور اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔وزیراعظم آفس کی طرف سے ٹویٹر پر داسو ڈیم جس کی تعمیر کا گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے معائنہ کیا ، کے بارے میں بتایاگیا کہ ملک میں داسو ہائیڈرو پاور سمیت10 ڈیموں کی تعمیر پر کام جاری ہے جس سے ملک کو نہ صرف سستی ماحول دوست بجلی حاصل ہوگی بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع حاصل ہوں گے ۔