لاہور،لیہ ، ڈیرہ غازیخان ( خصوصی نمائندہ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے احساس پروگرام وزیراعظم کے قابل قدر وژن کا عکاس ہے ۔احساسآمدن پروگرام غربت کے خاتمے اورفلاحی ریاست کی جانب بہت بڑا قدم ہے اور اس پروگرام کی تکمیل سے حقیقی فلاحی ریاست کاخواب ضرور شرمند ہ تعبیر ہوگا۔وزیر اعلی لیہ میں احساس پروگرام کے ’’میرا کاروبار میری آمدنی‘‘ کے تحت مستحق افراد میں اثاثہ جات کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے سرائیکی زبان میں خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دینے اور پنجاب میں بھی احساس آمدن پروگرام کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت 12ارب روپے کی لاگت سے احساس پروگرام شروع کرے گی۔ احساس آمدن پروگرام سے 18لاکھ افراد براہ راست مستفید ہوں گے جبکہ64لاکھ افرادکو بالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس لیہ میں اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے لیہ کے علاقے چوبارہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس ضمن میں تیزی اقدامات کیے جائیں گے ۔لیہ اورتونسہ کو موٹر وے کیساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کریں گے ۔لیہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سب کیمپس کو اپ گریڈ کریں گے ۔وزیراعلیٰ کو ضلع لیہ کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازیخان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان کا اچانک دورہ کیا ۔وزیر اعلی بغیر اطلاع مبارکی اورمٹ چانڈیہ پہنچے توانہیں دیکھ کر قبائلی علاقے کے لوگوں کو خوشگوار حیرت ہوئی اور انہوں نے عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ وزیراعلیٰ قبائلی لوگوں کیساتھ پتھریلی زمین پر بیٹھ گئے اور انکے مسائل سنے ۔وزیراعلیٰ نے قبائلی لوگوں کیساتھ بلوچی زبان میں گفتگو کی اور کہا کوہ سلیمان میرا گھر ہے ، لاہور میں بیٹھ کر پسماندہ علاقوں کا وکیل ہوں اور پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دورکرنا میرا مشن ہے ۔وزیراعلیٰ نے کوہ سلیمان میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ شریف کا بھی دورہ کیااور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سے ملاقاتیں کیں ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا مولانا فضل الرحمان اگر مارچ میں مارچ کرنے آئے تو اس وقت دیکھا جائیگا۔ مہنگائی اور عوامی مشکلات کا مکمل احساس ہے ۔ مہنگائی کم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ۔ ڈی جی خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں جلد مدر چائلڈ ہسپتال بنائے جائیں گے جبکہ ڈی جی خان ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہونے کی وجہ سے دل کا ہسپتال بنائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے چوک ناخدا میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ور غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ۔