لاہور(نامہ نگارخصوصی، نیوزایجنسیاں )لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک سے قبل اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیدیا ۔عدالت نے حکومت پنجاب کو قیمتیں کم کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ، عدالت نے عملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی ۔مختلف درخواستگزاروں نے کھاد، مرغی کا گوشت اور دیگر اشیاکی قیمتوں کے تعین کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کررکھاہے ۔ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹا ئون کی نئی جے آئی ٹی کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔درخواست گزار پولیس اہلکاروں کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔اعظم نذیر تارڑ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔