کراچی،لاہور (نمائندہ خصوصی سے ،92نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں )کراچی میں مسلم لیگ ن نے وزیراعظم سے پہلے گرین لائن بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کی قیادت میں پارٹی رہنما اور کارکن ناظم آباد میں تقریب کے لیے جمع ہوئے ،رینجرز نے لیگی ارکان کو گرین لائن کے پل پر جانے سے روک دیا جس سے تقریب میں بے نظمی ہوئی، ڈنڈا لگنے سے احسن اقبال کے ہاتھ پر چوٹ آئی ،مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے احسن اقبال اور پارٹی کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ،شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کے حکم پر کراچی میں رینجرز کے ذریعے احسن اقبال سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے کراچی گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا۔اس موقع لیگی رہنما محمد زبیر ،مفتاح اسماعیل ،کھیئل داس کوہستانی،نہال ہاشمی اوردیگر بھی موجود تھے ۔ن لیگی کارکنوں نے گرین لائن ٹریک پرجانے کی کوشش کی جس پر رینجرز نے ان کو وہاں داخلے سے روک دیا، لیگی کارکنوں نے نعرے بازی کی۔اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کراچی گرین لائن کامنصوبہ مسلم لیگ ن نے 2016 میں شروع کیا تھا، منصوبے کی بنیادا س وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے رکھی،یہ منصوبہ دسمبر2018میں مکمل ہوناتھا،اس منصوبے کی تعمیرمیں تاخیرکی گئی کیونکہ یہ ن لیگ کامنصوبہ تھا،ہمیں خوشی ہے یہ حکومت ن لیگ کے منصوبوں پرتختیاں لگاتی رہی ہے ،آج ہمارے ساتھ ریاستی تشدد کیاگیا،سیاسی کارکنان پرسکیورٹی ادارے نے تشدد کیا جس سے ایک کارکن زخمی ہوا،قانون نافذ کرنے والے ادارے سے یہ حکومت پولیس والا کام لے رہی ہے ،اس ادارے کوسیاست کے لیے استعمال کیا گیا۔سابق گورنر محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کوگرین لائن کے افتتاح کے لئے آنے کی ضرورت نہیں جن کامنصوبہ تھا انہوں نے اس کاافتتاح کردیاجبکہ شہباز شریف نے کہا احسن اقبال اور پارٹی کے پرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج، تشدد، بدسلوکی قابل مذمت،انتہائی افسوسناک ہے ، شدید احتجاج کریں گے ، ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ،سیاسی وجمہوری کارکنان پر بہیمانہ تشدد ناقابل قبول ہے ۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے ، زرداری صاحب آپ جانتے ہیں کہ نواز شریف کو کن حالات میں بیرون ملک جانا پڑا، ہمیں ایسے ریمارکس سے گریز کرنا چاہیے ،نوازشریف کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ سے ناقابل تردید رہی۔ شہبازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں پونے پانچ روپے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے فوری واپس لینے کامطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کے سستے پاکستان میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی ، یہ ہے سستا پاکستان کی اصل حقیقت ،ہر ماہ بجلی کے بل عوام کے گھروں پر مہنگائی کا کوڑا بن کربرستے ہیں ، حکومت الٹی چھر ی سے عوام کو ذبح کررہی ہے ، شہباز شریف سے لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبد القیوم نے ملاقات کی جس میں لیگی کارکنوں پر تشدد کی پر زور مذمت کی گئی ۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے تمام قانونی آپشنز استعمال کریں گے ، پاکستان واحد ملک ہے جہاں پر مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، نیازی صاحب کو کون سمجھائے کہ پاکستان میں مہنگائی دہرا ہندسہ عبور کرگئی ۔ ’پاکستان میں اب بھی مہنگائی کم ہے ‘ کہہ کر غریبوں کا مذاق اڑایا گیا ہے ۔