کراچی،لاہور،اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز ،سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک میں نالے میں ہونیوالے دھماکے میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد سمیت 16 افراد جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے جبکہ نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق دھماکے کے بعدہرطرف افراتفری مچ گئی،علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اورزخمیوں کانکالا،زیادہ ترزخمیوں کوجسم کے بالائی حصوں پرزخم آئے ، قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی ، قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ، پولیس کے مطابق کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے ،ملبے کے نیچے مزیدلوگوں کے دبے ہونے کاخدشہ ہے ،بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کاکام شروع کردیاگیا،ذرائع کے مطابق گیس دھماکے میں تباہ بینک میں 13افرادپرمشتمل عملہ تعینات تھا،برانچ منیجرہارون اختراورآپریشنل منیجرکاشف سمیت 4ارکان چھٹی پرتھے ،برانچ میں موجودعاصم افتخار،2گارڈکشمیرخان اورذیشان زخمی ہوئے ،زاہد،سردار،جنیدنامی ملازمین اورگارڈیونس جاں بحق ہوگئے ،عبدالوہاب،سمیر،ارسلان برانچ میں موجودتھے جو معجزانہ طورپرمحفوظ رہے ۔ترجمان پولیس کے مطابق بظاہر دھماکہ نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا، امدادی سرگرمیوں کے دوران ایک اور دھماکہ بھی ہوا ، شہری نالے میں جاگرا،لاش مل گئی، نجی بینک کی عمارت نالے کے اوپر تعمیر کی گئی تھی،علاقہ مکینوں کے مطابق 21نومبرکوبھی بینک کے قریب نالے میں دھماکہ ہواتھا ،متعلقہ حکام سے رابطہ کیاگیالیکن کوئی اقدام نہیں اٹھایاجاسکا۔ بم ڈسپوزل سکواڈکے مطابق دھماکہ گیس لیکج سے ہوا،واقعہ میں دہشتگردی سمیت کسی قسم کی تخریب کاری کے شواہدنہیں ملے ، عالمگیرخان کے والددلاورخان اور انکے 5ملازم جاں بحق ہوئے ، سوئی سدرن گیس انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے قریب کوئی گیس پائپ لائن نہیں۔ بی ڈی ایس حکام کا کہنا تھا کہ یہ نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا، کے ایم سی کیماڑی حکام نے کہا کہ شیرشاہ نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں کا کیمیکل آ کر گرتا ہے جودھماکے کی وجہ ہے ، نالے میں دھماکہ کیمیکل پانی کی گیس بھرنے سے ہوا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لے لیا، کمشنر کو واقعہ کی تفصیلی انکوائری کرنے کا حکم دیدیا، سیکرٹری صحت کو سول ہسپتال میں زخمیوں کو تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی۔صوبائی وزیر سعید غنی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ غالب امکان ہے کہ دھماکہ گیس بھرنے سے ہوا،سائٹ ایسوسی ایشن نے دھماکے کی جگہ کرائے پردے رکھی تھی، عمارت غیر قانونی طور پر نالے پر بنی ہوئی تھی، کراچی میں بدقسمتی سے ہزاروں عمارتیں نالوں پر بنی ہیں، غیر قانونی عمارتوں کے خلاف آپریشن میں سیاسی جماعتیں آڑے آتی ہیں،دیگرعمارتوں کوفوری طورپرخالی کر اناپڑے گا،نالے پرتعمیرات کرنیوالوں کونوٹس دے رکھے تھے ، صوبائی وزیر صحت سندھ عذراپیچوہوکے مطابق جاں بحق ہونیوالے بیشترافرادکی شناخت ہوچکی انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ، سندھ ناصر حسین شاہ نے سول ہسپتال کا دورہ کیا ،زخمیوں کی عیادت کی ۔ صدر عارف علوی،گورنر عمران اسماعیل،وفاقی وزیراسدعمر،علی زیدی اورتحریک انصاف کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی عالمگیرخان کی رہائشگاہ پرپہنچ گئے اوران سے والد کی وفات پراظہارتعزیت کیا ۔ وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے دھماکے کی مذمت کی ۔وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیاہے ،انہوں نے عالمگیر خان کے والد کے انتقاال پر بھی اظہار افسوس کیا ،فواد چودھری ،فرخ حبیب ،آصف زرداری، شہباز شریف ، فضل الرحمٰن ، اور دیگر رہنمائوں نے بھی نے دھماکے کی مذمت کی ۔