لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے میں بلاول بھٹو کی بالکل شرکت رہے گی یہ کوشش کی جائے گی کہ بلاول بھٹو سکردو سے براہ راست کوئٹہ بذریعہ جہاز پہنچیں ،استعفوں کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، ہرپارٹی کی اس حوالے سے اپنی اپنی رائے ہے ۔پروگرام دی لاسٹ آور میں میزبان یاسررشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف تھوڑا سا سخت لہجہ اختیارکرتے ہیں لیکن باقی رہنما یہی بات کچھ اورانداز میں کرتے ہیں ۔سینئر صحافی راناعظیم نے کہاکہ ذرائع اس با ت کی تصدیق کرتے ہیں کہ کوئٹہ جلسے کی مختلف تین طاقتیں فنڈنگ کررہی ہیں افغانستان کے تمام چینلز اس کوئٹہ جلسے کو کورکرینگے کچھ سلوگن جو ابھی سے بھارتی میڈیا میں دکھائے جارہے ہیں جوجلسے کے وقت اس کے اندر لگیں گے ، جب صفدر کو گرفتارکیا گیا تو پہلے و ہ کھڑے تھے اور پولیس کی گاڑی بعد میں آئی تو وہ آرام سے گاڑی میں بیٹھے اورچلے گئے ۔ بیوروچیف یوکے غلام حسین اعوان نے کہا کہ نوازشریف کو برطانوی وزارت داخلہ کی طرف سے خصوصی رعایت دی گئی ہے ، آج کل تو نوازشریف کا علاج بالکل نہیں چل رہا ہے وہ نو سے 10 بجے تک حسن نواز کے دفتر میں آجاتے ہیں پانچ بجے تک وہاں پر رہتے ہیں ، انہوں نے ہمیں غیررسمی بات چیت کیلئے کئی بار بلایا۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہاکہ حکومت نوازشریف کی واپسی کیلئے پوری کوشش کررہی ہے ،میرا خیال ہے یہ باہربیٹھے رہیں اورچھترکھاتے رہیں، یہی ان کیلئے بہترہے یہ نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتے یہ گوال منڈیلا ہیں ، پی ڈی ایم انٹر نیشنل لابی کیلئے کام کررہی ہے ، پی پی کسی صورت استعفے نہیں دیگی ،گورنر راج لگانے کی ضرورت ہی نہیں ۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصر ت سحرعباسی نے کہاکہ سندھ میں ایسے ایسے ایماندار افسر آئے لیکن انہیں کام نہیں کرنے دیا گیا۔ عوام کو انہوں نے بہت بے وقوف بنایا یہ صرف اپنے مفادات کا کھیل کھیل رہے ہیں اگرانہیں عوام کے دکھ درد ہوتا ہے توا ن کے مسائل کو حل کرتے ۔