لاہور(اشرف مجید)ٹرانسپورٹروں کی جانب سے الیکشن کمیشن اورحساس اداروں کے علاوہ تمام سیاسی پارٹیوں سے گاڑیوں کی ایڈوانس بکنگ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ،ضلعی انتطامیہ نے ٹرانسپورٹروں سے آ ج رات ہی گاڑیاں مقرر کردہ مقامات پر پہنچانے کا حکم جاری کر دیا ،الیکشن ڈے والے دن تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے اپنے ووٹروں کو نکالنے کے لئے گاڑیوں کی تعداد پوری کرنا مشکل ہو جائے گا ،متعددٹرانسپورٹروں نے امیدواروں کی ناراضگی کو دور کرنے کے لئے موٹرسائیکل رکشوں کی بڑی تعداد کی بکنگ کر لی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں چلنے والی ویگنوں، مزدوں اور کوچز کی بڑی تعدادکو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشنوں پر عملے اور سامان کو پہنچانے کے لئے بک کیا گیا جس کی ایڈوانس کی رقم بھی دے دی گئی ہے ، اسی طرح حساس اداروں کی جانب سے بھی الیکشن کے حوالے سے لاہور میں 350سے زائد چھوٹی و بڑی گاڑیوں کو بک کیا گیا جس کی ایڈوانس کی رقم بھی دے دی گئی ہے ذرائع کے مطابق لاہور میں چلنے والی ویگنیں اور مزدے تمام سرکاری اداروں کی جانب سے بک ہیں جبکہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے ان گاڑیوں کے نمبروں کی فہرست بھی انہیں پہنچائی جا چکی ہے لیکن پتہ چلا ہے کہ انہی گاڑیوں کی بکنگ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے تحریک انصاف،مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے لئے بھی کی گئی ہے جسکی ایڈوانس رقم بھی ٹرانسپورٹرز وصول کر چکے ہیں ،ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کی جانب سے اب ٹرانسپورٹروں پر پریشر ڈالا جا رہا ہے کہ وہ کل رات 12بجے گاڑیاں حلقوں میں پہنچائیں جبکہ سرکاری اداروں کی جانب سے آج رات گاڑیاں پہنچانے کا حکم جاری کیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق متعدد ٹرانسپورٹروں کی جانب سے امیدواروں کو کہا گیا ہے کہ وہ انہیں موٹرسائیکل رکشوں کی صورت میں ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے جس پر انکے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ،ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے الیکشن مہم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری محکموں اور امیدواروں سے بھاری رقم وصول کر لی ۔