لاہور(کامرس رپورٹر) مارکیٹ میں آٹے کی قلت برقرار ہے ،چکی آٹا کی قیمت70روپے سے کم نہ ہو سکی،انتظامیہ کی جانب سے آٹا بحران ختم کرنے کی تما م کوششیں گزشتہ روز بھی جاری رہیں مگر بے سود رہیں اور چکی آٹے کی قیمت 70فی کلو سے واپس نہ آ سکی ۔آٹا چکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمٰن نے بتایا کہ حکومت سے بات چیت چل رہی ہے جیسے ہی اوپن مارکیٹ میں گندم کا ریٹ نیچے آئے گا ہم قیمت کم کر دیں گے ، ہماری کو ضد تو نہیں ہے ہم تو چاہتے ہیں آٹے کا ریٹ نیچے آئے اور غریب کی مشکلات کم ہوں،جب گندم 2250روپے میں ملے گی تو آٹا70روپے سے کم نہیں بیچ سکتے ۔حکومت نے ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے حکومت یا تو سرکاری گندم دے یا پھر مارکیٹ میں ریٹ نیچے لائے تو ہم بھی آٹے کے ریٹس کم کر دیں گے ۔