اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے ایک شفاف اور جامع سپورٹس پالیسی اور آزاد الیکشن کمیشن تشکیل دیئے جائیں گے ، جو فیڈریشنز گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیں کریں گی انہیں الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں ہوگا، حکومت کی اجازت اور سپورٹس بورڈ سے الحاق کے بغیر کسی فیڈریشن کو پاکستان کا نام استعمال نہیں کر نے دیا جائے گا، اولمپکس مقابلوں میں ناکامی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرجنرل(ر) عارف حسن کو منصب رکھنے کا کوئی حق نہیں، انہیں فوری طور پر مستعفی ہونا چاہئے ۔گزشتہ روزوفاقی وزیرفہمیدہ مرزا نے معاون خصوصی وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2005 کے بعد سپورٹس پالیسی کا فقدان رہا جس کی وجہ سے کھیلوں کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کھیلوں میں مزید سبکی برداشت نہیں کر سکتے ، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن فوری طور پر عہدے سے الگ ہوں۔