لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی بزدار گروپ نہیں ،عمران خان کا سپاہی ہوں اگر وزیراعظم عمران خان حکم دیں تو سیاست چھوڑنے کو بھی تیارہوں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں خود مستعفی ہونے کی پیشکش کی۔ پارٹی نے پرویز الٰہی کو نامزد کیا ہے ان کی کامیابی کو یقینی بناؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے دور میں سب کو ساتھ لے کرچلا میرے دور میں کیا کام ہوا اس کی جلد دستاویزی فلم جاری کی جائے گی۔ دستاویزی فلم دیکھ کریاد آئے گا کہ عثمان بزدار نے کیا کیا۔بعدازاں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان میرے قائد ہیں اور ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا۔مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا۔وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے اور ذات سے بڑھ کر ملک و قوم کا مفاد عزیز ہے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزراء اوراراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں۔اپنی ذات کی کبھی پروا نہیں کی، ہمیشہ صوبے کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے کام کیا ہے ۔ ملاقات کرنے والوں میں ہاشم جواں بخت، سبطین خان، میاں اسلم اقبال، تیمور بھٹی، حنیف پتافی،سمیع اللہ چودھری،عامر نواز چانڈیا،جاوید اختر لنڈ،مامون تاڑر،غزین عباسی،حافظ ممتازاحمد،اعجاز عالم،حسین جہانیاں گردیزی، سردار احمد دریشک،عمر فاروق، لیاقت علی،اختر حیات،سلیم سرور،احمد شاہ کھگہ،طلعت نقوی،گلریز افضل،اعجاز بندیشہ، ٹکٹ ہولڈر احمد چٹھہ اوردیگر شامل تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے کانگو میں یو این امن مشن میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 افسروں وجوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔