لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگارخصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے سپیکرپرویز الہٰی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔اپوزیشن ارکان سلمان رفیق، سمیع اﷲ خان ، طاہر خلیل سندھو، پیر اشرف رسول، مرزا جاوید اور میاں عبدائولرف پنجاب اسمبلی پہنچے ۔ اپوزیشن نے سپیشل سیکرٹری چودھری عامر حبیب کو سپیکر چودھری پرویزالٰہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ۔تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب کے معاملات آئین کے مطابق نہیں چلائے جا رہے ، سپیکر نے صوبے میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا،ایوان کی اکثریت کو پرویز الہٰی پر اعتماد نہیں رہا۔ادھر مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعلیٰ کے انتخابات کرانے کیلئے پٹیشن تیار کر لی ،حمزہ شہباز کی جانب سے آج پٹیشن ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی ، درخواست میں سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یکم اپریل سے چیف منسٹر کا عہدہ خالی ہے ، پنجاب اسمبلی کا سیشن کال کر کے فوری چیف منسٹر کا انتخاب کرایا جائے ،درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کا اقدام بھی غیر قانونی ڈکلیئرکیا جائے ۔ مسلم لیگ ن لائرز فورم کے صدر نصیر بھٹہ نے کہا ہے سپریم کورٹ قومی اسمبلی کا معاملہ سماعت کررہی تھی اس وجہ سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر نہیں کی تھی، اب سپریم کورٹ کی آبزرویشن آئی ہے لاہور ہائیکورٹ اس کو دیکھے ۔