لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کی ’’کورونا سیاست‘‘نہیں چلے گی۔ اپوزیشن نے پہلے سیاست کو کاروبار بنایا اور اب کورونا کو سیاست کی نذر کیا۔ 22 کروڑ عوام دوچہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔پاکستانی قوم کورونا پر سیاست چمکانے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ ’’دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت‘‘ کے مترادف ہے ۔ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے ۔ ذاتی مفادات کی خاطر اکٹھی ہونے والی اپوزیشن نے قومی مفادات کو زک پہنچائی۔ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے ۔ اپوزیشن جان لے کہ یہ اہم وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کاہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں فصلوں کے بچاؤ کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے پر خصوصی فوکس کیا جائے اور گاڑیوں کے ذریعے بھی سپرے کے کام کو مزید تیز کیا جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے جیکب آباد میں صحافی ذوالفقار مندرانی کے قتل کے واقعہ کی مذمت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔بعدازاں انہوں نے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار اعجاز قیصر کے انتقال پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے رجانہ انٹرچینج کے قریب موٹروے پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورانتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔