کراچی( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے ، تین سال سے زائد عرصے میں پی ٹی آئی نے بھی جھوٹے وعدے اور پیکیجز کے اعلانات کے سوا کچھ نہیں کیا ، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی مہم اور کراچی بچاؤ تحریک سندھ حکومت کو متنازعہ بلدیاتی ترمیمی بل واپس لینے پر مجبور کر دے گی ،اہل کراچی کے حق کے لیے 31دسمبر کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیا جائے گا، اہلیان کراچی کو حق دلواکر رہیں گے ، قومی دولت لوٹنے والے تمام افراد کا احتساب کیا جائے ، بلدیاتی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر پورے ملک میں بجلی کاایک نظام بنایا جائے ،بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بجائے کم کیا جائے ۔پریس کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ویگر رہنما بھی موجود تھے ۔