لاہور(نمائندہ خصوصی سے )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ناکامیوں کا مجموعہ ہے ، سال کے 365 دنوں میں حکمران 365 بار ناکام ہوئے ، حکومت نے جو وعدے اور دعوے کئے اور عوام کو سبز باغ دکھائے ، ان پر عمل درآمد کا آغاز بھی نہیں کر سکی، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ایک سال میں دس لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے ، ہزاروں گھروں کو مسمار کر دیا گیا ، تیل اور پٹرول کی قیمتیں دگنا ہوگئیں، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن گیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاآئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے دعویداروں نے معیشت کا پورا نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا، ایک بابو کو سٹیٹ بنک کا گورنر اور دوسرے کو ایف بی آر کا سربراہ بنادیا گیا ، گیس کی قیمت میں 90 فیصد اور دوائوں کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوا ، قوم چیخ رہی ہے اور حکمران کہتے ہیں کہ یہ سابقہ حکومتوں کی خرابیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری ، سیکرٹری جنرل پنجاب بلال قدرت بٹ بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم کشمیر کو غرناطہ اور ڈھاکہ نہیں بننے دے گی ، کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت اقوام متحدہ اور امریکہ کے وعدوں پر نہ رہے ، امریکہ نے پہلے کبھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔