لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پوش علاقوں میں ناقص اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائرڈ غیر ملکی اشیاء کی تاریخ تبدیلی کا مکروہ دھندہ بے نقاب کر دیا۔7 ہزار 954 کلو گرام ملکی و غیر ملکی زائدالمعیاد کافی فلیورز، چائے پتی اور پاؤڈر برآمدکر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں 7 گھنٹے طویل آپریشن کرتے ہوئے ایکسپائر غیر ملکی اشیاء کی تاریخ تبدیلی کا مکروہ دھندہ بے نقاب کر دیا ۔گلبرگ کے علاقے میں معروف چین کی 3 کافی آوٹ لیٹس اور2گودام سیل کر دیے گئے ۔کارروائی کے دوران ایک ہزار 140کلو ایکسپریسو کافی، 702 کلو ماچا گرین ٹی،447 کلو وائٹ چاکلیٹ پاؤڈر، 480 کلو امپورٹڈ چائے ،352 کلو مختلف پاؤڈر اور سیرپ، 1210کلو سپیشل ڈچ ہاٹ چاکلیٹ ڈرنک اور1620 کلوفرنچ ڈیلیکس ہاٹ ونیلا ڈرنک پاؤڈر برآمد کیا گیا۔مزید برآں1328 کلو ہاٹ چاکلیٹ اور 635 کلو ڈارک چاکلیٹ بھی برآمد کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)محمد عثمان کا کہنا تھاکہ زائدالمعیاد ا شیاء کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کر کے دوبارہ لیبلنگ کی جار ہی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر آؤٹ لیٹس اور گودام مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے کئی دنوں کی ریکی سے مکروہ کام کا سراغ لگایا۔