لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے )کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، دونوں کے استحکام اورآزادی کیلئے آخری حد تک جائینگے ۔مسئلہ کشمیر فلسطین کی طرح پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ۔آج امریکہ افغانستان سے نکلنے کی بھیک مانگ رہا ہے ، کل بھارت کشمیر سے نکلنے کیلئے منتیں کریگا۔ افواج پاکستان کی ملکی سا لمیت اور استحکام کیلئے قربانیاں لازوال ہیں۔ تمام طبقے اور مسالک اپنی صفوں میں اتحادپیدا کرکے امن کو فروغ دیں ۔ پیغام پاکستان کے بیانیہ سے ملک میں شعور بیدار ہوا ، ملک میں امن و استحکام مجلس علماپاکستان کا اولین ہدف ہے ،ان خیالات کااظہارمقررین نے استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کیا۔مجلس علما پاکستان کے زیراہتمام استحکام پاکستان کانفرنس بادشاہی مسجد کے خطیب مولاناعبدالخبیرآزادکی زیرصدارت ہوئی،انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے ، دونوں کو ایک دوسرے سے قدرت نے جوڑا ہے تو مودی کیسے توڑ سکتا ہے ۔ حکومت، افواج پاکستان، رینجرز اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ملک دشمنوں کیخلاف اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کے اور قربانیاں دے کر قوم کو امن کا تحفہ دیا اور آج ملک دشمن قوتوں کے عزائم ناکام ہوچکے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خوش آئنداقدام ہے ۔ ہم بھارت کی مذمت کرتے ہیں، وہ کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی ہر قسم کی اخلاقی ،قانونی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا مودی 70 سالوں میں آپ نے جن کشمیریوں کے دل نہیں جیتے ان پر قبضہ کرکے آپ وہاں کیسے اپنی حکومت برقرار رکھ سکو گے 9، لاکھ فوج تو آپکی کشمیر میں پہلے سے موجود ہے مزید 9 لاکھ فوج بھیجنی پڑیں گی۔ کشمیر کا زخم بھارت کیلئے ناسور بنے گا۔صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر احمد درویش نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم کی وجہ انکا مسلمان ہونا ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ۔ کانفرنس سے علامہ زبیراحمدظہیر،علامہ سجادنقوی مولانامحمدخان لغاری،قاری بزرگ شاہ مولانااظہا ر بخاری ، پروفیسرظفراﷲ جان ،مولانابلال گولڑوی ،قاری اخلاق مدنی ،قار ی امین الحسنات ،مفتی عبدالمعیداسد،قاری سعیداعوان ،مولاناشمس الحق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔