اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ اس بد قسمت فیصلے نے پاکستان میں سیاسی بحران میں بہت اضافہ کردیا ۔اپنے ٹویٹ میں فوادچودھری نے کہا فوری الیکشن ملک میں استحکام لا سکتا تھا ،بدقسمتی سے عوام کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا ، ابھی دیکھتے ہیں معاملہ آگے کیسے بڑھتا ہے ۔وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا عمران خان کا بیانیہ جیت گیا اور اپوزیشن ہار گئی،آئندہ الیکشن میں اپوزیشن کو بھی پتہ لگ جائے گا کہ عوام میں بیرونی سازش کی کٹھ پتلیوں اور ضمیر فروشوں کی درگت کیسے بناتے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہاہے کہ جلد کپتان اپنی اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے ، گھبرانا نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں ،عمران خان اپنی قوم کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، جیت عوام کی ہوگی ، یہ قوم ایک عظیم قوم بننے جارہی ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے 1947میں اپنی گردنیں کٹوا کر واہگہ بارڈر ایک آزاد ملک میں رہنے کے لئے کراس کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں کو شاید یہ پتہ نہیں تھا کہ برطانیہ کی بجائے امریکہ کی غلامی میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا لگتا ہے اب 1947کی صورتحال میں واپس پہنچ گئے ۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے پاکستان کا سودا نہیں ہونے دیں گے ، غداروں کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے ، الیکشن ہو کر رہے گا،اب دیکھو پھر کپتان کیا کرے گا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انتہائی افسوس سے کہتا ہوں ایسے فیصلے کی توقع نہیں تھی، ہم نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا، میں سمجھ رہا تھا عدالت فیصلہ کرنے سے پہلے شواہد دیکھے گی اور فیصلہ میں خط کو حصہ بنائے گی۔ اسلام آباد، لاہور ( خبر نگار خصو صی ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیٹ نیوز،سٹاف رپورٹر؍ نمائندگان) متحدہ اپوزیشن نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی اور قومی اسمبلی کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر پر پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت متحدہ اپوزیشن نے ملک بھر میں جشن منایا، کارکن ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالتے رہے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ لاہور میں ن لیگی اراکین اسمبلی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد گلبرگ میں واقعہ نجی ہوٹل کے باہرپہنچ گئی اور تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے ہمراہ جشن منایا،وزیراعظم شہباز شریف کے نعرے لگاتے رہے ۔ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اورکرنسی نوٹ بھی نچھاور کئے ۔ مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پوری قوم اور آئین پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے ،عدلیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اطمینان بخش فیصلہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آج یوم احتجاج نہیں ہوگا بلکہ یوم تشکر ہوگا، ریلیاں نکالی جائیں گی، عوام یوم نجات منائیں ، جمعہ کی نمازوں میں لوگ شکرانے کے دو نفل بھی پڑھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعائیں اللہ نے قبول کی ہیں اور عدالت عظمیٰ نے ایسا فیصلہ کیا جس سے پاکستان کا آئین بچ گیا بلکہ پاکستان بچ گیا، سپریم کورٹ نے عدلیہ کی آزادی کو چار چاند لگادئیے ، عدالت عظمیٰ کے شکرگزار ہیں، ہم نے جنگ غربت اور بے روزگاری کے ساتھ لڑنی ہے ، ہم مل کر یہ جنگ لڑیں گے ۔سابق صدرآصف علی زرداری نے قوم کو آئین کی فتح پر مبارک بادیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکن ہر شہر ہر گاؤں میں جشن منائیں ،آئین ہی مقدس ہے ، آئین ہی سپریم ہے ، جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہوگی۔آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف بننے پرخوش آمدیدکہوں گا،امید ہے عمران خان بطور قائدحزب اختلاف جمہوری کردارادا کریں گے ۔مریم نوازنے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاشکر الحمدللہ ،قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک ہو، آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لئے تمام ہوا، اللہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے ، وزیر اعظم شہباز شریف۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جمہوریت بہترین انتقام ہے ،آج پیپلزپارٹی اور متحدہ اپوزیشن کامقصد پورا ہوگیا،اب انتخابی اصلاحات کے بعد صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے ۔ احسن اقبال ، سعد رفیق اور خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کا حق جو ہم سے چھین لیا گیا تھا وہ ہمیں واپس مل گیا۔خواجہ آصف نے کہا چلو کم از کم ہم غدار نہیں رہے ، شکریہ سپریم کورٹ ،الحمد ﷲ۔نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج فتح کا دن ہے ۔ سید نیر بخاری نے کہاہے کہ سرپرائز شہید ذوالفقار علی بھٹو کے آئین کا آیا ہے ،پیپلز پارٹی ہر سال7اپریل یوم نفاذ و حرمت آئین منایا کرے گی۔دوسری جانب حمزہ شہباز اور دیگر لیگی اراکین اسمبلی نے گلبرک میں کارکنوں کے ہمراہ جشن مناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مبارک ہو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو شکست فاش ہو گئی ۔سپریم کورٹ نے دل جیت لئے ہیں،جیسے قومی اسمبلی بحال ہوئی ویسے ہی پنجاب اسمبلی میں بھی آئین کے ساتھ کھیلنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا ۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت اور جمہوریت پسند جماعتوں کی جیت ہے ، شکر ہے ایک بار پھر نظریہ ضرورت پیچھے رہ گیا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ امید ہے فیصلے سے جمہوری نظام مزید پروان چڑھے گا، بلوچستان کے لوگ بھی لاپتہ لوگوں کے حوالے سے سپریم کورٹ سے مثبت خبریں سنیں گے ۔فیصل آباد اورگوجر خان میں بھی جشن منایا گیا۔