لاہور، کراچی ، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج کو حضرت عیسی ؑ( یسوع مسیح) کی پیدائش کا دن ’’کرسمس ‘‘ تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں، ملک میں اس حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں 25دسمبر کو بڑے دن کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے ۔دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی اہم ترین گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کی محافل سے کرسمس منانے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسیحی برادری کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا ۔وزیراعظم عمران خان نے کرسمس کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی عیسائی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے ۔ مسیحی برادری کی ملک کے لئے مخلصانہ اور گراں قدر خدمات ہمیشہ قابل تحسین رہی ہیں۔ حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کو حاصل حقوق اور مراعات کا تحفظ جاری رکھے گی۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ بطور تمام پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت پیپلز پارٹی بلاتفریق پسماندہ طبقات اور غریبوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ صفِ اول میں رہی ۔ دیگر رہنماؤں نے بھی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ۔