لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم او رپنجاب حکومت کے بروقت اور مؤثر اقدامات سے کورونا وباء پر قابو پایا ہے ۔کورونا پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت اور این سی او سی کا بے پایاں تعاون حاصل رہا۔ڈاکٹروں،نرسوں اور دیگر سٹاف نے کورونا وباء کے دوران دن رات محنت کی اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔کورونا مریضوں کیعلاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شروع دن سے ہی کورونا سے بچاؤ کیلئے نہ صرف حفاظتی اقدامات اٹھائے بلکہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ضروری انتظامات کئے ۔صوبے میں کورونا کی صورتحال اور تدارک کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس ہوئے ۔کورونا وباء کے دوران صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا گیا اور حالات کے مطابق فیصلے کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہترین حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا ہے ۔کورونا پر قابو پانے کے حوالے سے ہماری کاوشوں اور اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ خصوصی ہدایت پرپسماندہ علاقوں کی طالبات کیلئے نرسنگ کالجز میں داخلے کیلئے 20فیصد کوٹہ مختص کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے حقوق کے نگہبان ہیں اور انہیں صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔